{AF}
حکومت ٹیکسز نافذ کر کے غریب عوام کے منہ سے نوالہ نہ چھینے، ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسز نافذ کر کے غریب عوام کے منہ سے نوالہ نہ چھینے،اگر محکمے اور ضلعوں نے اپنے طور پر اس طرز کا ٹیکس عوام پر لگایا ہے تو وزیر اعظم فوری طور پر اس کا نوٹس لیتے ہوئے اس ٹیکس کو واپس لیں ،حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے ،بے روزگاری اور غربت کے باعث عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں حکومت ان کی مشکلات کو کم کرے ،حکومت بے روزگار نوجوانوں کو بلا سود قرضوں کا اجراء کرے تا کہ لاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار کا بندوبست ہو سکے ،ان خیالات کااظہا ر انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کو ٹیکس فری زون اور لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ،آزاد خطے کے اندر بے پناہ وسائل موجود ہیں ان کا درست استعمال کیا جائے تو ہمارے مسائل حل ہوسکتے ہیں ،ڈیمز کی رائلٹی ،ہائیڈرل پراجیکٹس پر واپڈا سے معاہدے ،روبی جیسے قیمتی پتھر ،جنگلات سمیت معدنیات اس خطے میں موجود ہے اور سب سے بڑ ھ کر لاکھوں کی تعداد میں نوجوان کی صورت میں انسانی وسائل موجود ہیں جن کو برؤے کار لایا جائے تو یہ خطہ ایک ماڈل ریاست بن سکتا ہے ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے ایسی ریاست جہاں نظام عدل قائم ہو حق دار کو حق ملے ظلم اور نا انصافی کا خاتمہ ہو انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کے عوام قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،ہمارے تمام مسائل کا حل اﷲ کے دئیے ہوئے نظام میں مضمر ہے جب لوگ قرآن کے ساتھ وابستہ تھے تو یہ امت دنیا پر حکمرانی کررہی تھی جب قرآن سے دور ہوئی تو پستی اس کا مقدر ٹھہری ۔