{AF}
مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے ساتھ کشمیریوں کا معرکہ اسلام اور پاکستان سے محبت کی وجہ سے برپا ہے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
کراچی( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے ساتھ کشمیریوں کا معرکہ اسلام اور پاکستان سے محبت کی وجہ سے برپا ہے ،کشمیری اہل پاکستان سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچموں کی بہار اور شہداء کے جسد خاکی پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفنائے جارہے ہیں ،پاکستانی قوم کشمیریوں کی توقعات پر پورے اترنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور اپنا ووٹ مسئلہ کشمیر سے مشروط کر کے دے ،پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم میں مسئلہ کشمیر کو اہمیت نہیں دے رہی ہیں مسئلہ کشمیر کو سر فہرست رکھا جائے عوام متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کر کے اسمبلی میں پہنچائیں تا کہ وہ کشمیریوں کی پشتیبانی اور ترجمانی کرسکیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی ہوشربا رپورٹ نے ہندوستان کے خلا ف ایک بڑی چارج شیٹ پیش کردی ہے حکومت پاکستان اس چارج شیٹ کو لے کر نکلے اور ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرے ،جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ برہان مظفر وانی شہید کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ایک انقلاب برپا ہے مردوزن بچے بوڑھے ،ڈاکٹرز،پروفیسرز،انجینئرز حتیٰ کہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ میدان میں جہاد میں ہیں پاکستان کے پرچم تھامے پاکستان سے محبت کا اظہا ر کررہے ہیں اسی جرم میں گورنر راج نافذ کر کے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے وہ سارے استعماری ہتھکھنڈے استعمال کیے جا چکے ہیں لیکن کشمیری اسلام اور پاکستان سے محبت کے ترانے گنگنا رہے ہیں ،آسیہ اندرابی سمیت قائدین حریت کو دہلی جیل منتقل کر دیا گیا ہیجو ظلم کی انتہا ہے نریندر مودی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے کشمیری اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ان سازشوں کو ناکام بنائے ہوئے ہیں پاکستان کے کھیت اور کھیلیانوں کو سیراب کرنے والے دریاؤں کے پانی کے ساتھ کشمیریوں کا خون بھی شامل ہے ہندوستان پاکستان کو بنجر صحرامیں تبدیل کرنے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے کشمیری ہندوستان کے ان عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہیں یہ حکومت پاکستان کے لیے آخری موقع ہے اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔