{AF}
کشمیریوں کو پاکستانی قوم نہیں حکمرانوں سے گلہ ہے،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کی آزادی اپنی انتخابی مہم کا بنیادی نقطہ بنائیں، عبدالرشید ترابی{/AF}
کراچی( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو پاکستانی قوم نہیں حکمرانوں سے گلہ ہے،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کی آزادی اپنی انتخابی مہم کا بنیادی نقطہ بنائیں،مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج بھارت کی شکست کا اعتراف ہے ،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جو رپورٹ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے پیش کی ہے وہ بھارت کے خلاف پوری چارج شیٹ ہے حکومت اس چارج شیٹ کو لے کر پوری دنیا میں بھارت کے چہرے کو بے نقاب کرے اس سے اچھا موقع پاکستان کو نہیں ملے گا ،سفارتی سطح پر جو مہم ہونی چاہیے تھی اس کا فقدان نظر آرہا ہے پاکستان کے اندر انتخابی سرگرمیوں میں بھی کشمیر کا ذکر نہیں آرہا ہے جو ہمارے لیے باعث تشویش ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کلب کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر صدر پریس کلب احمد خان ملک،سیکرٹری جنرل مقصود احمد یوسفی اور اراکین گورننگ باڈی نے ان کا خیر مقدم کیا ،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر 70سالوں سے حل طلب مسئلہ ہے گذشتہ28سالوں سے کشمیری عوام8لاکھ بھارتی افواج سے اپنے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں 2سال قبل برہان مظفر وانی نے جام شہادت نوش کرکے جس تحریک کاآغاز کیا تھا وہ زور پکڑ چکی ہے نہتے کشمیری کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آتے ہیں جو اس بات کاثبوت ہے کہ وہ موت سے بے خوف ہو چکے ہیں ،انہوں نے کہاکہ یورپ اور برطانیہ میں ممبران پارلیمنٹ آزادی کشمیر کے حق میں بھرپور مہم چلا رہے ہیں لیکن پاکستان سے وہ حمایت حاصل نہیں ہورہی جو ان کو ہونی چاہیے ،انہوں نے کہاکہ 2دن قبل برہان مظفر وانی کی دوسری برسی تھی اس موقع پر عوام کرفیو توڑ جکر سڑکوں پرنکل آئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جب بھی مقبوضہ کشمیر کادورہ کیا تو کشمیریوں نے مکمل ہڑتا ل کی جو بھارت کے خلاف ریفرنڈ م ہے ،انہوں نے کہاکہ نیشنل انوسیسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کشمیری قائدین پر جعلی الزمات عائد کر کے ڈاکٹر عامر ملت ،آسیہ اندرابی سمیت دیگر خواتین کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ہے جو حقوق انسانی کی بدترین مثال ہے ،بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے دوسری جانب بیرون ملک سے بھیجے جانے والے فیکٹ فائینڈنگ مشن کو بھارت آنے کی اجازت نہیں دیتا اس پر عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کو بھی دہرا معیار ختم کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پاکستان کو حرمین شریفین کے بعد سب سے زیادہ مقدس ملک سمجھتے ہیں کشمیر کے اندر جو معرکہ برپا ہے وہ اسلام اور پاکستان سے محبت کی وجہ سے ہے شہداء شہادت سے قبل وصیت کرتے ہیں کہ ہمارے جسد خاکی پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفنائے جائیں ۔