{AF}
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں ہے اس کو فوری طور پر واپس لیا جائے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں ہے اس کو فوری طور پر واپس لیا جائے ،پٹرول کی قیمت یک دم بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جو غریب عوام کی برداشت سے باہرہوجائے گا ،جماعت اسلامی ویژن 2030لے کر میدان میں نکلی ہے نوجوان جماعت اسلامی کا ہر اول دستہ بن کر اپنا کردار ادا کریں،حکومت بے روزگاری کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو بلا سود قرضے جاری کرے تا کہ بے روزگار نوجوان اپنے روزگار کا اہتمام کرسکیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سدہنوتی کے زیر اہتمام بنجوسہ میں عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی ارشد ندیم ایڈووکیٹ،امیر ضلع قیصر نعیم سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشخالی کے لیے جدوجہد کررہی ہے ہماری کوشش ہے کہ آزاد خطے کو ایک اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنائیں تا کہ عوام کو انصاف ملنے کے ساتھ ساتھ وہ اسلامی اصولوں کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کرسکیں،ہمارے اسلاف نے یہ خطہ آزاد بھی ان ہی مقاصد کے لیے کروایا تھا لیکن بدقسمتی سے وہ مقاصد ابھی ادھورے ہیں جماعت اسلامی ان ہی مقاصد کی تکمیل کے لیے جدوجہد کررہی ہے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی قابض افواج گورنر راج کی آڑ میں قتل عام کررہی ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ۔