{AF}
تحریک آزادی کشمیر کے پس منظر میں آزاد خطے کو با اختیار اور با وقار نظام حکومت فراہم کرنا پاکستان کے استحکام کا باعث اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے باعث رغبت ہو گا ،نورالباری {/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی نائب امیر و سیاسی امور کمیٹی کے چیئرمین نورالباری نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے پس منظر میں آزاد خطے کو با اختیار اور با وقار نظام حکومت فراہم کرنا پاکستان کے استحکام کا باعث اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے باعث رغبت ہو گا ،جن افراد نے ان اختیارات کے خلاف کورٹ میں رٹ دائر کی ہے ان کے خلاف تادیبی کاروائی کے ساتھ ساتھ ان کا سیاسی اور اخلاقی بائیکاٹ ہونا چاہیے ،ایکٹ74میں ترامیم تمام پارٹیوں کا مشترکہ ایجنڈا تھا اس حوالے سے طویل مشاورتیں بھی ہوتی رہیں پیپلز پارٹی کے دور میں اس کاآغاز کیا گیا کئی کانفرنسز اس پر منعقد ہوئیں ،راجہ فاروق حیدر خان اور عبدالرشید ترابی نے کلیدی کردار ادا کیا اس پر ہم ان کی تحسین کرتے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار اور با وقار نظام حکومت دینے سے عوام بھی مطمین ہوں گے لوگوں کی پاکستان سے محبت بڑھے گی اور یہ عمل مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے بھی بہتر ہے لیکن افسوس یہ ہے کہ کچھ لوگ قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں ایسے لوگوں کا ہر سطح پر احتساب ہونا چاہیے ،انہوں نے کہاکہ ترامیمی ابھی تک ہمارے پاس موجود تو نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ہم توقع رکھتے ہیں کہ قومی سلامتی کونسل نے مشاورت کے بعد جن نکات پر اتفاق کیا ہو گا وہ سب کے مفاد میں ہوں گی قومی سلامتی کونسل کی مشاورت کے بعد یہ بات کہنا کہ یہ سب کچھ عجلت میں ہوا یہ مناسب نہیں ہے ۔