{AF}
حکومت آزادکشمیر آمدہ بجٹ میں نیلم کے لیے خصوصی پیکج اور اضافی بجٹ مختص کرے ،ممتاز حسین پائر{/AF}
اٹھمقام( پ ر) جماعت اسلامی ضلع نیلم کے سابق امیر و رکن مرکزی مجلس شوریٰ ممتاز حسین پائر نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر آمدہ بجٹ میں نیلم کے لیے خصوصی پیکج اور اضافی بجٹ مختص کرے ،ضلع نیلم کے تمام ندی نالوں پر بنے بوسیدہ لکڑی کے پلوں کو اکھاڑ کر نئے پل تعمیر کیے جائیں تا کہ وہاں پر انسانی زندگیوں کو بچانے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے راہ ہموار کی جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ ضلع نیلم آزادکشمیر کے پسماندہ ترین ضلع ہے یہاں کی سڑکیں کھنڈرات ،صحت اور تعلیم کی بھی مشکل صورت حال ہے،نیلم کے بالائی علاقوں میں ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی میں گائنی کی کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہاکہ یہ ضلع معدنیات،قیمتی جڑی بوٹیوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ان وسائل کو یہاں استعمال کرنے کے بجائے باہر لے جایا جا رہا ہے ،جنگلات کی کٹائی روکنے کے لیے یہاں کے عوام کو متبادل سہولیات فراہم کی جائیں ،مکانات کی تعمیر کے لیے جستی چادریں،سیمنٹ سریا اور جلانے کے لیے گیس سلنڈر حکومت کی طرف سے فراہم کی جائیں ،انہوں نے کہاکہ نیلم کے اندر میگا ہائیڈرل پراجیکٹس شروع کیے جائیں یہاں کے عوام کو مفت بجلی فراہم کی جائے ۔