{AF}
سی پیک کا گیٹ وے گلگت بلتستان ہے یہاں کے بڑے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کیا جائے ، راجہ فاضل حسین تبسم{/AF}
گلگت( پ ر) جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے امراء اضلاع ،امراء حلقہ جات کا اجلاس گلگت میں منعقد ہوا،اجلاس سے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان،سیکرٹری جنرل راجہ فاضل حسین تبسم ،سابق وزیر قانون و امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان اسماعیل شریعت یار سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عقیل الرحما ن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کے آئینی اور سیاسی حقوق کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی ہے ،گلگت بلتستان کے تمام حقوق باہم اتحاد سے حاصل ہو سکتے ہیں مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچائے بغیر دونوں آزاد خطوں کو صوبوں سے زیادہ حقوق دئیے جائیں ،مجوزہ آئینی پیکج سے گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دینے کے بجائے اختیارات منتقل کرنا یہاں کے عوام کے ساتھ نا انصافی ہے ،جماعت اسلامی یہاں کے عوام کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھے گی ،شیخ عقیل الرحما ن نے کہاکہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور جماعتیں گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور سیاسی حقوق کے حق میں ہیں گلگت بلتستان کے عوام کی عظیم قربانیاں ہیں یہاں کے عوام کو کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جانا چاہیے ،دونوں آزاد خطوں کو آپس میں باہم مربوط کر کے یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہونا چاہیے ،انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے لیکن ابھی تک کوئی بڑا میگا پراجیکٹ گلگت بلتستان میں شروع نہیں ہوا ،بڑے منصوبے سی پیک پروگرام میں شامل نہ کرنا افسوس ناک ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یہاں اکنامک زون بنایا جائے گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاق انہیں آئینی اور سیاسی حقوق فراہم کرے ،ڈیمز اور ہائیڈرل پراجیکٹس کی رائلٹی یہاں کے عوام کو دی جائے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل راجہ فاضل حسین تبسم نے کہاکہ اہلیان گلگت بلتستان اپنے حقوق کے لیے متحد ہوجائیں جلد مظفرآباد میں کل جماعتی کانفرنس منعقد کر کے گلگت بلتستان کی تمام قیادت کو مدعو کریں گے اور یہاں کے عوام ان کی قیادت کی مشاورت کے بعد گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے بھرپور تحریک چلائیں گے انہوں نے کہاکہ سی پیک کا گیٹ وے گلگت بلتستان ہے یہاں کے بڑے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کیا جائے ،نوجوانوں کے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں یہاں کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام شروع کیے جائیں تا کہ یہ خطہ خوشخالی کی جانب گامزن ہو انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ،ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں اگر کہیں غفلت پائی جائے تو آواز بلند کریں تا کہ قومی وسائل کو لوٹنے والے بے نقاب ہوں ،اس موقع پر سابق وزیر قانون و امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان میں بھرپور انداز سے دعوتی مہم چلائی ہے ،اس مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک جماعت کی دعوت پہنچائیں گے ۔