{AF}
قائدین حریت اور بہاد ر عوام نے نریندر مودی کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے ،عبدالرشید ترابی{/AF}
مظفرآ باد( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ قائدین حریت اور بہاد ر عوام نے نریندر مودی کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے ،اگلا اسمبلی کا اجلاس سیز فائر لائن چکوٹھی پر منعقد کیا جائے اور عالمی میڈیا کو مدعو کیا جائے ،مظفرآباد میں مجوزہ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے انعقاد کا اہتمام کیا جائے ،پروفیسر انور قتل کیس کو ایک سال گزر گیا تفتیش مکمل نہیں ہوئی آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ملزم اور مجرموں کے کہنے پر تفتیش تبدیل کی گئی پولیس قاتلوں تک پہنچ چکی تھی ،راولاکوٹ اور نیلم کا سانحہ افسوس ناک ہے پولیس کی تربیت اور اس کی صلاحیت کو بڑھایا جائے ،جماعت اسلامی کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے اپوزیشن کو ساتھ ملایا جائے تا کہ خوشگوار ماحول پیدا ہو جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے ضروری ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی لہر برپا کی ہوئی ہے شوپیاں واقعہ،آصفہ کیس کی شدید الفاظ مذمت کرتا ہوں ،قائدین حریت کی استقامت اور شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں ،نریندر مودی نے دفعہ 370کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت اقلیت میں بدلنے کی سازش کی لیکن عوامی دباؤ اور قائدین حریت کی وجہ سے محبوبہ مفتی اور عمر عبداﷲ بھی کھڑے ہوئے جس کی وجہ سے سر دست یہ سازش کمزور ہوئی لیکن تلوار ابھی لٹک رہی ہے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حصے کا کام کر لیا ہے عالمی سطح پر اس تحریک کو اجاگر کرنا بیس کیمپ کی ذمہ داری ہے ،وزیر اعظم پاکستان اس حوالے سے مظفرآباد آئے انہوں نے اظہار یکجہتی کیا ،وزیر خارجہ پاکستان کے قومی قائدین نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا اور دوٹوک موقف اختیار کیا جو لائق تحسین ہے وزیر اعظم آزادکشمیر کی میز بانی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی ،برطانیہ میں دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس کے موقع پر نریندر مودی کی برطانیہ آمد پر آزادکشمیر کے وزیر اعظم سمیت دیگر تمام جماعتوں کے قائدین اور برطانیہ میں تارکین وطن نے اس حوالے بھرپور مہم چلائی اور مودی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جو قابل تحسین ہے ہم برطانیہ میں کشمیری قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ ساتھ مزید اقدامات کی ضرورت ہے ،باالخصوص پاکستان میں عبوری حکومت تشکیل پانے والی اس کے بعد انتخابات کی گہماگہمی ہو گی ہماری کوشش ہے کہ کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے تا کہ پاکستان کی قومی قیادت اور مذہبی اور سیاسی جماعتیں اپنے انتخابی منشور اور مہم میں سر فہرست رکھیں ،اس عرصے میں بیس کیمپ کا متحرک کردار بھی وقت اور حالات کا تقاضا ہے ،انہوں نے کہاکہ مظفرآباد میں بین الاقوامی کانفرنس طے پائی تھی جس کا انعقاد ہونا ضروری ہے ،وفود عالمی سطح پر مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے بھیجنے کا اہتمام ہونا چاہیے انہوں نے کہاکہ نریندر مودی جس سطح کے مظالم ڈھا رہا ہے ان کو روکنے اور کشمیر کو آزاد کروانے کے لیے کشمیریوں کے پاس ایک ہی آپشن بچتا ہے کہ وہ مشاورت سے سیز فائر لائن توڑنے کا اعلان کریں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے لاکھوں انسان سیز فائر لائن توڑ دیں اس کے لیے جامع ہوم ورک کی ضرورت ہے ،انہو ں نے کہاکہ بیس کمپ کے اندر عدل وانصاف کا قیام اور میرٹ کی بالا دستی حالات کا تقاضا ہے انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ کا سانحہ افسوس ناک ہے اس پر عدالتی کمیشن کام کررہا ہے لیکن ایسے عناصر پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ وہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں پاکستان مخالف عناصر کے ذریعے لاشین گرائیں گے اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پولیس گولی اور لاٹھی کے استعمال کے بغیر معاملات کو سلجھائے چونکہ لاشین گرنے سے ہندوستان کو فائدہ ہو گا وہ پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرے گا انہوں نے کہاکہ اسی طرح حال ہی میں مظفرآباد میں قتل کا واقعہ بھی افسوس ناک ہے اس کے لیے پولیس کے نظام کو فعال کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ پروفیسر انور کو قتل ہوئے ایک سال گزر گیا ہے آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملزم اور مجرموں کے کہنے پر تفتیش تبدیل ہوئی پولیس قاتلوں تک پہنچ چکی تھی کہ تفتیش تبدیل کر دی گئی ،نئے تفتیشی افسر نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھا کہ قتل کے شواہد ضائع کیے گئے اور ایسے اہلکاران کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے لیکن کاروائی ابھی تک نہیں ہوئی جو باعث تشویش ہے ۔