{AF}
تارکین وطن کشمیرکی آزادی اور آزاد خطے میں نظام کی اصلاح کے لیے اپناکردار ادا کریں، عبدالرشید ترابی{/AF}
برمنگھم ( پ ر)کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل وممبرقانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ تارکین وطن تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے دائروں سے بالاترہوکر کشمیرکی آزادی اور آزاد خطے میں نظام کی اصلاح کے لیے اپناکردار ادا کریں،یہاں کی اچھی روایات اور اقدار وہاں منتقل کریں،نسل نو کومسئلہ کشمیرسے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو مسئلہ کشمیرسے وابستہ کریں،برطانیہ مسئلہ کشمیرکا عینی شاہد ہے یہاں کے ممبران پارلمنٹس اور اہل دانش کو اپنے ساتھ شامل کریں تاکہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے اپناکردارادا کرسکیں،کشمیری مسئلہ کاپرامن حل چاہتے ہیں مگر بھارت مسلسل ہٹ دھری پر قائم ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کررہاہے،ان خیالات کااظہارانھوں نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صدر تحریک کشمیربرطانیہ فہیم کیانی اور دیگر قائدین نے خطا بات کیے ،تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ نریندرمودی عالمی سطح پر بے نقاب ہوا ہے،اس کو مزید بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے،اس کے لیے تمام کشمیرمتحد اور متفق ہوکر جدوجہد کریں،دنیا میں وہی قومیں سرخروہوتی ہیں جن کے اندر اتحاداور اتفاق ہوتا ہے،اپنے دائروں میں چھوٹے موٹے مسائل کو پس پشت ڈال کر قومی مفادا ور قومی ایشو کو مدنظر رکھیں،ہمارا مقابلہ طاقت ور سامراج سے ہے ،ہندوستان کی سازشوں کامقابلہ کرنا ہے ہر محاذپرکرنا ہے،سفارتی محاذآپ کا ہے اندر مقبوضہ کشمیرکے عوام خوب بیدار ہیں وہ اپنے حصے کا کام کررہے ہیں ان کی آواز کو عالمی سطح پردنیا تک پہنچانا ہم سب کاکام ہے،انھوں نے کہاکہ تحریک کشمیربرطانیہ اور یورپ نے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں،پوری کشمیری قیادت اور قوم آپ کی قدر دان ہے۔