{AF}
کشمیر،فلسطین ،قندوز اورشام میں بہنے والا خون پوری امت کے لیے لمحہ فکریہ ہے،ڈاکٹرخالد محمود{/AF}
اسلام آباد(پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیرڈاکٹرخالد محمود نے کہاہے کہ کشمیر،فلسطین ،قندوز اورشام میں بہنے والا خون پوری امت کے لیے لمحہ فکریہ ہے،حکومت پاکستان OICکا سربراہی اجلاس بلاکر مسائل کے حل کے لیے لائحہ عمل طے کرے،جماعت اسلامی آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کو اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے،جماعت اسلامی کے کارکن اور ہرسطح کے ذمہ داران دین کی دعوت کو ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچائیں،ان خیالات کااظہارانھوں نے امراء اضلاع اور حلقہ جات کے امراء کی لیڈرشپ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل تبسم سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،نائب امراء راجہ جہانگیر خان،نورالباری،شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،قاضی شاہد حمیدایڈووکیٹ،امجد یوسف نے ورکشاپ میں شرکت کی،ورکشاپ میں امراء حلقہ جات نے جائزہ رپورٹس پیش کیں،ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرخالدمحمودنے کہاکہ جماعت اسلامی ویثرن 2030لے کر نکلی ہے،رائے عامہ منظم کر تبدیلی لانا چاہتے ہیں،جماعت اسلامی کے کارکن قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں،روزنامہ قرآن کامطالعہ کریں،سیرت نبی ﷺ کامطالعہ کریں،سیرت صلحاء کا مطالعہ کریں،جماعت اسلامی کارانبیاء کے منصب کو لے کر چل رہی ہے اﷲ کی مخلوق تک اﷲ کاپیغام پہنچانا ہے،اﷲ تعالیٰ نے ہمیں امت وسط بنایاہے،ہمارے کام وہ ہے جو ابنیاء کاتھا ،نبی ﷺ کے بعد اب کوئی بنی نہیں آئے گا، یہ کاہم نے کرنا ہے،جماعت اسلامی اﷲ کی دین کے غلبے کے لیے جدوجہد کررہی ہے،ہمارا نصب العین سب سے اعلیٰ اورارفع ہے،ہماری دعوت اﷲ کے دین کی دعوت ہے،انھوں نے کہاکہ آج امت کوگاجر مولی کی طرح کاٹاجارہاہے ،کشمیرسے فلسطین ،افغانسان سے شام ہرجگہ مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہاہے،امت کے حکمران عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں،اگر حکمرانوں نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو اسلامی تحریکیں آگے بڑھ کراپنا کردار ادا کریں گی تو حکمرانوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے،اس سے قبل کے اس طرح کے حالات پیدا ہوں حکمران ہوش کے ناخن لیں اور سامراج کے سامنے ڈٹ جائیں،انھوں نے کہااسلامی تحریکیں عوام کو تنہانہیں چھوڑیں گی اور اپنا کردار ادا کریں گی،انھوں نے کہاکہ مسلمان حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کردارادا کریں۔