{AF}
معاشرے سے جہالت کے خاتمے اور نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے قوم کا اثاثہ ہیں، عبدالرشید ترابی {/AF}
جہلم ویلی( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ معاشرے سے جہالت کے خاتمے اور نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے قوم کا اثاثہ ہیں،میرٹ پامال کر کے ٹیچرز سرکاری اداروں میں تعینات کیے گئے جس کی وجہ سے پورا نظام تعلیم زوال کا شکار ہوا ،تعلیمی اداروں سے سیاسی مداخلت اور میرٹ کی پامالی ہمیشہ کے لیے ختم ہونی چاہیے ،موجودہ حکومت نے این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کا اہتمام کر کے قابل تحسین اقدام کیا ہے پوری قوم اس کا تسلسل رکھنے کے لیے ایک ہو جائے ،والدین اور اساتذہ مل کر نظام تعلیم کو بہتر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ،نسل نو کی اسلام کی بنیاد پر کردار سازی اور تربیت کا اہتمام بھی والدین اور اساتذہ کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے ،اسلامی اقدار ،روایات اور تحریک آزادی کشمیر کے اسلامی پس منظر سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ریڈ فاؤنڈیشن سکول مالسی میں سالانہ رزلٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد پروفیسر غلام مصطفی،پرنسپل ادارہ سمیت دیگرمہمانان نے خطاب کیا ،عبدالرشید ترابی جب پنڈال میں پہنچے تو بچوں اور والدین نے ان کا استقبال کیا بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ قرآن وسنت کی بنیاد پر یکساں نصاب تعلیم اپنانے کی ضرورت ہے تا کہ یکسو قوم تیار کی جا سکے ،مسئلہ کشمیر کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے تا کہ نوجوان نسل بھی تحریک آزادی کشمیر سے آگاہ ہو اور اپنے حصے کا کام کرے ،انہوں نے کہاکہ شرح تعلیم کے ساتھ معیار تعلیم بلند کرنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے ،ایسی تعلیم جس سے اﷲ اور اس کے رسول ؐ کی پہچان ہو،انہوں نے کہاکہ ریڈ فاؤنڈیشن نے بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے نسل نو کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا اور متبادل نظام تعلیم دیا انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کے عوام اور حکومت کی دوہری ذمہ داری ہے ایک طرف آزاد خطے کے مسائل اور ان کا حل اور دوسری طرف مقبوضہ کشمیرمیں برپا آزادی کی تحریک کو منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے کردار ادا کرنا انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی مائیں بہنیں ہمارے لیے رول ماڈل ہیں جس طریقے سے وہ اپنے بچوں کی دینی تربیت اور تعلیم پر توجہ دے رہی ہیں وہ قابل تقلید مثال ہے انہوں نے کہاکہ مغربی تہذیبی یلغار کا ہدف ہے کہ ہمارے نوجوانوں اور خاص کر خواتین کو بے مقصدیت کی طرف لایا جائے مغربی تہذیبی یلغار کا مقابلہ بھی کرنا ہے اور نوجوان نسل کو دینی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم سے بھی آراستہ کرنا ہے ۔