{AF}
اسلامی ممالک کے حکمران فلسطین اور کشمیر میں خون اور لاشوں کا تماشہ دیکھنے کے بجائے جہاد کا اعلان کریں، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ( پ ر) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے حکمران فلسطین اور کشمیر میں خون اور لاشوں کا تماشہ دیکھنے کے بجائے جہاد کا اعلان کریں،پاکستانی قوم اور پاک فوج پر کشمیر کی آزادی فرض اور قرض ہے ،برہان مظفر وانی کی شہادت کشمیر کی آزادی کا سنگ میل ثابت ہو گی ،محافظ فوج اور قابض فوج کے درمیان نہ کرنے والے بھارت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں ،الخدمت فاؤنڈیشن باغ سماجی سرگرمیوں کے ساتھ برہان مظفر شہید ٹورنامنٹ کروا کر مثبت سرگرمی کی ہے جو قابل تحسین ہے ،ان خیالات کااظہارانہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن ضلع باغ کی جانب سے برہان مظفر وانی شہید ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع باغ نثار احمد شائق ،الخدمت فاؤنڈیشن باغ کے صدر مولانا عبدالمنان گوہرسمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،ٹورنامنٹ میں 28ٹیموں نے حصہ لیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ضلعی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہو انہوں نے قومی ہیرو برہان مظفر وانی شہید ٹورنامنٹ کا انعقا د کروایا اور اپنے ہیروکو یاد رکھا ،باغ انتظامیہ ،بریگیڈکمانڈر نے جس طرح اس میچ میں دلچسپی لی اور تعاون کیا وہ قابل تحسین اور خوش آئند ہے ،پاک فوج ہماری خوشی اور غمی میں شریک ہو تی ہے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ برہان مظفروانی شہید قومی ہیرو ہیں جس طرح برہان مظفروانی شہیدنے سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا اور بھارت کے خلاف ایک کامیاب جنگ لڑی جس کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کے اندر طلبہ اور نوجوان اس تحریک کا ہر اول دستہ بنے اور موت سے بے خوف ہو کر آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ،برہان مظفر وانی کی شہادت آزادی کا سنگ میل ثابت ہو گی اس قومی ہیرو کو یاد رکھنا اور اس کی قربانیوں سے نسل نو کو آگاہ کرنا اور برہان مظفر وانی شہید کے مشن کی تکمیل کو اجتماعی نصب العین بنانا حالات کا تقاضا ہے ،مقبوضہ کشمیر کے اندر 8لاکھ قابض بھارتی افواج کے نتیجے میں جس طرح قربانیاں وہاں کے نوجوان پیش کررہے ہیں دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں لمحہ بہ لمحہ بھارت کو پیغام دے رہے ہیں کہ وہ سامراج کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور آزادی کے حصول تک لڑیں گے یہ نوشتہ دیوار ہے جو بھارت کو پڑھنا چاہیے انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے تسلیم شدہ حق کو فراہم کرے ،انہوں نے کہاکہ جو جہاد کو ریاست کا حق سمجھتے ہیں کہ یہ کام ریاست کا ہے تو ریاستیں اور اس کے حکمران کشمیر اور فلسطین میں بہنے والے خون پر خاموش کیوں ہیں وہ جہاد کا اعلان کیوں نہیں کرتے انہوں نے کہاکہ فلسطین میں اسرائیل اور کشمیر میں بھارت مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہارہے ہیں ان کے خلاف نوٹس لیا جائے اور اسلامی ممالک کے حکمران ان کے خلاف جہاد کا اعلان کریں انہوں نے کہاکہ فلسطین کی حفاظت پوری امت پر فرض ہے عالمی صہیونیوں نے دنیا بھر سے جمع ہو کر فلسطین پر قبضہ کیا اور بیت المقدس کی بے حرمتی کررہے ہیں فلسطینوں کا خون بہا رہے ہیں ان کے خلاف اسلامی اورعالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے ۔