{AF}
حکومت پاکستان آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں بااختیار اور باوقار نظام حکومت دے ، ڈاکٹر خالد محمود{/AF}
اسلام آباد( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاہے کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں بااختیار اور باوقار نظام حکومت دے ،مسئلہ کشمیرکو متاثرکیے گلگت بلتستان میں آزاد کشمیرکی طرز کا سیٹ اپ اور مکمل حقو ق دیے جائیں،کشمیرکونسل اور جی بی کونسل کے مالی اور انتظامی اختیار ختم کر کے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو منتقل کیے جائیں،کشمیر کے دونوں آزاد خطوں کو باہم مربوط بنانے کے لیے آئینی انتظام کیاجائے تاکہ وحدت کشمیرقائم رہے ،حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنائے،بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے،بلدیاتی نظام کے حوالے سے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر اچھا نظام واضع کیا جائے تا کہ اس سے عوام مستفید ہوسکیں اور ان کے مسائل حل ہوسکیں ،ان خیالات کا اظہارانھوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس سے سابق امیر جماعت اسلامی ممبر قانون ساز اسمبلی کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل عبدالرشید ترابی،سابق وزیر قانون وامیر گلگت بلتستان مشتاق ایڈووکیٹ،نائب امیر وکنونیئر اورسیز کشمیری راجہ جهانگیر خان،نائب امیر وچیئرمین سیاسی امور نورالباری،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل حسین تبسم سمیت دیگر قائدین نے اجلاس سے خطاب کیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالدمحمود نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اول روز سے کشمیرکے دونوں آزاد خطوں میں باوقار اور بااختیار نظام حکومت کے لیے طویل جدوجہد کی ہے ،انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ماڈل حکومتیں قائم کی جائیں ،ڈیمز کی رائلٹی یہاں کے عوام کو فراہم کی جائے تاکہ یہ ماڈل خطے اپنے عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیرکی آزادی کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ کا کردار ادا کر سکیں یہ ماڈل آزاد خطے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لیے باعث رغبت ہوں گے ۔