{AF}
حکومت پاکستان گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے سٹیٹس کو تبدیل کیے بغیر انہیں صوبوں سے زیادہ حقوق دے،ڈاکٹر خالد محمود {/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاہے کہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے سٹیٹس کو تبدیل کیے بغیر انہیں صوبوں سے زیادہ حقوق دے،دونوں آزاد خطوں کی قربانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے ان کے مسائل اور مطالبات حل کیے جائیں جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے انہیں تمام بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں ،جماعت اسلامی نے ہر فورم پر گلگت بلتستان کے حقوق کی بات کی ،دونوں خطوں کو آپس میں ملانے والی شاہراہ پر شونٹر ٹنل بنایا جائے تا کہ سفری سہولیات میسر آئیں اور آپس میں تعلق مضبوط ہو ،جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کے ایجنڈے پر گامزن ہے معاشرے کے اچھے افراد جماعت اسلامی میں شامل ہو کر کار انبیاؑ میں ہمارا ساتھ دیں، جماعت اسلامی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں دعوتی مہم کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے ترجمان بن کر اپنا کردارادا کریں ،رب کی زمین پر رب کے نظام کے نفاذ کے لیے کارکنا ن اپنی صلاحیتوں کو برؤے کار لائیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی سٹی زون کے زیر اہتمام منعقدہ کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سجاد انور،امیر جماعت اسلامی راولاکوٹ سردار قیوم افسر،صلاح الدین،مقبول شاہین ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی سٹی زون سردار نسیم سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ،ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ جماعت اسلامی کی دعوت کسی فرد ،جماعت کی طرف نہیں اور نہ ہی ہماری جدوجہد کسی شخص کے خلاف ہے ہماری دعوت اﷲ کی طرف بلانا اور تمام باطل نظاموں کو ختم کر کے اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہدکرنا ہے جماعت اسلامی کے کارکنان دعوتی مہم کے دوران ایک ایک فرد تک پہنچیں معاشرے کے اچھے افراد کو جماعت میں شامل کریں انہوں نے کہاکہ جب تک باکردار اور صالح قیادت نہ آئے اس وقت تک مسائل حل نہیں ہوں گے انہوں نے کہاکہ ہمارے آباواجداد نے جس مقصد کے لیے قربانیاں دیں تھیں وہ ابھی تک تشنہ ہے اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے نظام اور اسلامی فلاحی ماڈل ریاست کے قیام کے لیے عوام جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں ۔