{AF}
مردم شماری 2017ء کا آغاز خوش آئند ہے، ارشد ندیم ایڈووکیٹ {/AF}
راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مردم شماری 2017ء کا آغاز خوش آئند ہے لیکن مردم شماری میں آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے وہ باشند ے جو پاکستان میں رہائش پذیر اور مہاجرین کے زمرے میں نہیں آتے ان کا شمار اپنے آبائی اضلاع میں کیا جانا چاہیے،ایسا نہ ہونے کی صورت میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے اور جموں وکشمیر کے مستقبل کے لیے رائے شماری کے مقاصد کے حوالے سے بھی منفی پیغام ہو سکتا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے یہ طریقہ اختیار کیا گیا ہے کہ جو شہری گذشتہ 6ماہ سے جہاں رہائش پذیر ہے اس کا شمار اسی ضلع اور شہر میں کیا جائے گا اس طرح آزاد جموں وکشمیر و گلگت بلتستان کے 20سے 25لاکھ لوگوں کو پاکستان کی آبادی میں شمار کیا جائے گا نہ کہ آزاد کشمیر کی آبادی میں شمار ہوں گے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمتوں کا کوٹہ اضلاع کی آبادی کی نسبت سے طے ہے اور 25فیصد کوٹہ پہلے ہی مہاجرین مقیم پاکستان کے لیے مختص ہے جس سے آزادکشمیر کے پسماندہ علاقے کے نوجوانوں کو شدید اعتراض ہے کہ ان کی حق تلفی کراچی ،لاہور اور اسلام آبادمیں اعلیٰ سہولتوں میں تعلیم حاصل کرنے والے کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اضلاع کے کوٹہ سسٹم پر اس کا لازمی اثر پڑے گا ،علاقائی ترقیاتی فنڈز بھی اضلاع کی آبادی کے لحاظ سے جاری ہوتے ہیں اس حوالے سے بھی نقصان ہو گا لہٰذا اعلیٰ حکام کو اس کا فوری حل تلاش کرنا ہو گا مہاجرین کے علاوہ پاکستان میں مقیم کشمیریوں کا اندراج آبائی اضلاع میں بھی کرنا چاہیے اور پاکستان کی آبادی سے انہیں منہا کر کے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی آبادی میں ظاہر کرناچاہیے ۔