{AF}
جماعت اسلامی انبیاؑ کے مشن کی علمبردار،ہماری دعوت کسی مسلک،جماعت یا شخصیت کے لیے نہیں بلکہ دعوت الی اﷲ ہے،ڈاکٹر خالد محمود{/AF}
میرپور( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیرڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی انبیاؑ کے مشن کی علمبردار،ہماری دعوت کسی مسلک،جماعت یا شخصیت کے لیے نہیں بلکہ دعوت الی اﷲ ہے جماعت اسلامی کے کارکنان اپنی زندگیوں کو اسوہ رسول ؐ کے مطابق گزارنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں اچھائی کے کاموں میں اپنا کردار ادا کریں ،ربیع الاول کے مہینہ میں سیرت النبی ؐ کامطالعہ کریں دوسروں کو بھی اس طرف راغب کریں ،اہل میرپور نے اپنے آباواجداد کی قبروں کی قربانی دی کشمیری پاکستانیوں سے بڑھ کر پاکستانی ہیں ،منگلا ڈیم کی رائلٹی سمیت آزاد خطہ میں جاری ہائیڈرل پراجیکٹس کے حوالے سے حکومت پاکستان اور واپڈا کے آزاد حکومت معاہد ہ کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس سے امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور بشیر احمد شگو،امیر جماعت اسلامی ڈڈیال چوہدری خطاب ایڈووکیٹ،امیر حلقہ چکسواری چوہدری سعود اقبال،ذوالقرنین بٹ ،چوہدری ظہیر احمد اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ نظریہ پاکستان کے محافظوں کو بنگلہ دیش میں پھانسی کے پھندوں پر لٹکایا جا رہا ہے جماعت اسلامی کے قائدین رسم شبیری ادا کررہے ہیں حکومت پاکستان عالمی سطح پر اس مسئلے کو اٹھائے اور جماعت اسلامی کے قائدین کے خلاف عدالتی قتل عام بند کروائے انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں قائدین جماعت اسلامی کے خلاف فیصلے دہلی میں لکھے اور ڈھاکہ میں سنائے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکن دعوتی مہم کے ذریعے ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچیں ،جس مقصد کے لیے یہ خطہ حاصل کیا تھا وہ ابھی تک تشنہ ہے دریں اثناء ڈاکٹر خالد محمود نے کھڑی شریف میں اینوو یٹر سکول سسٹم کی نئی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تعلیمی ادارے محض نمبرات اور گریڈ کی طرف طلبہ کو راغب کرنے کے بجائے ان کی اخلاقی تربیت کااہتمام کریں ،یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب تعلیم ہی کے ذریعے سے ہمارا معاشرہ ترقی کرسکتا ہے ۔