{AF}
عالم اسلام دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کے لیے باہم اتحاد و اتفاق پیدا کرے، قرار داد جماعت اسلامی{/AF}
اسلام آباد( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر وگلگت بلتستان کی مرکزی مجلس شوری کایہ اجلاس عالم اسلام اور بالخصوص مشرق وسطی میں روز بروز بڑھتے ہوئے سیاسی اور فوجی اختلافات اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔یہ اجلاس عالم اسلام گزشتہ کئی عشروں سے بیرونی تسلط ، اندرونی اختلافات ، سفاکانہ مظالم اور ناقابل بیاں خوں ریزی کا شکار ہے۔ ایک اندازے کے مطابق گزشتہ عشرے کے دوران میں ڈیڑھ ملین سے زائد شہری فلسطین، کشمیر ، شام ، عراق ، افغانستان ، مصر ، اراکان ، یمن اور بنگلہ دیش میں شہید کئے جا چکے ہیں۔ لاکھوں بیگناہ جیلوں میں تڑپ رہے ہیں اور کئی ملین مسلمان ، دنیا بھر میں مہاجر کیمپوں کی خاک چھاننے پر مجبور ہوچکے ہیں۔اس عالم میں ضرورت اس امر کی تھی کہ عالم اسلام تمام باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ، درپیش خطرات کا مداوا کرتا اور باہم یکجہتی کے ذریعے دشمنوں کی سازشیں ناکام بنانے کی کوششیں کرتا ، لیکن بدقسمتی سے باہمی اختلافات کی خلیج مزید وسیع کردی گئی۔ فرقہ وارانہ اور نسلی تعصبات کے بعد اب بھائی کو بھائی سے لڑانے کی مزید کوششیں تیز تر کردی گئی ہیں۔ باہمی الزامات کی نئی جنگ کا نقطہ آغاز امریکی صدر ٹرمپ کے پہلے بیرونی دورے اور اس خطاب سے ہوا جس میں اس نے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والے بھارت کو مظلوم اور سرزمین قبلہ اول کو آزاد کروانے کے لئے قربانیاں دینے والی تحریک حماس کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔شام ، عراق ، لیبیا اور یمن میں جاری مسلح خانہ جنگی، فلسطین میں جاری مظالم اور محاصرے مصر اور بنگلہ دیش میں جاری بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، ایران و سعودی عرب کے مابین روز افزوں تلخیوں اور خلیجی ممالک آپس کے اختلافات اور افغانستان ، پاکستان اور ترکی میں پے در پے ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کو دیکھیں تو یہ حقیقت سمجھنا مشکل نہیں کہ عالم اسلام کے تمام ممالک کو مزید پارہ پارہ کرنے کا عمل ایک بار پھر عروج پر پہنچ چکا ہے۔ دنیا بھر میں خود مختلف عالمی طاقتوں کے شائع کردہ منصوبوں اور نقشوں کے مطابق عالمی طاقتیں آئندہ چند برسوں کے دوران خدانخواستہ سرزمین حرمین سمیت خطے کے تمام ممالک کی دوبارہ بندر بانٹ کرنا چاہتی ہیں۔ کئی نئے ممالک وجود میں لائے جانے کے ارادے ہیں۔ جنوبی سوڈان اور مشرقی تیمور وجود میں آچکے ہیں اور اب عراق کے ایک حصے میں آزاد کردستان ریاست بنانے کا اعلان کیا جارہا ہے۔ شام، لیبیا، یمن اور صومالیہ عملاً ٹکڑوں میں بٹ چکے ہیں۔ ان تمام تلخ حقائق کی روشنی میں جماعت اسلامی کی مجلس شوری کا یہ اجلاس تمام برادر مسلم ممالک سے اپیل کرتا ہے کہ وہ : ایک دوسرے کو زیر کرنے یا نیچا دکھانے کے لئے اسلحے کے عالمی تاجروں کے ساتھ معاہدے کرتے چلے جانے کے بجائے ، اپنے اختلافات ، باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔تمام تر فرقہ ورانہ ، نسلی اور لسانی تعصبات کو فراموش کرتے ہوئے مذہبی رواداری اور صبر و حکمت کی راہ اختیار کریں۔اجلاس حالیہ خلیجی تنازعات کی آگ بجھانے کے لئے برادر ملک کویت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے براہ راست گفت وشنید کا عمل آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ پاکستان ، ترکی ، ملائیشیا ، انڈونیشیا اور مراکش پر مشتمل قومی رابطہ گروپ تشکیل دیے جائیں ، جوتمام فریقوں سے فوری رابطہ کرتے ہوئے اختلافات کی آگ بجھانے کے لئے فوری عملی اقدام کریں۔ شام ، مصر، ارکان اور بنگلہ دیش سمیت جہاں بھی بیگناہ شہریوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، وہاں قانون کی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی یقینی بنائی جائے۔گزشتہ 12 سال سے جاری غزہ کے 18 لاکھ شہریوں کا محاصرہ فوری ختم کروانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر وگلگت بلتستان کا مرکزی مجلس شوریٰ کایہ اجلاس میانماربرمامیں روہنگیامسلمان اقلیت کیخلاف جاری نسل کشی تشدداورقتل وغارت گر ی کی شدیدمذمت کرتاہے۔ برماکی فوجی حکومت کی سرپرستی اور نگرانی میں ہونے والے مظالم کے نتیجہ میں تین لاکھ سے زائد روہنگیائی مسلمان بنگلا دیش ہجرت کرنے پرمجبورکردیے گئے جووہاں مہاجرکیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی بسرکررہے ہیں۔ ایک لاکھ سے زیادہ روہنگیائی مسلمان سمندری راستوں سے قریبی ممالک تھائی لینڈ،انڈونیشیااورملائیشیاوغیرہ میں جانے پرمجبورہوچکے ہیں۔ ان میں سے ایک بڑی تعدادسمندری طوفانوں اور انتہا پسندوں کی وحشیانہ اور انسانیت سوز کاروائیوں کی نذرہوچکی ہے۔ بقیہ تقریباًدس لاکھ مسلمان مسلسل تعذیب اورتشددکاشکارہیں۔انتہاپسندبدھ مت تنظیم ’’969‘‘ اوربرمی فوج نے ان پرعرصہء حیات تنگ کررکھاہے۔ ان کے گھروں اوربستیوں کونذرآتش کیاجارہاہے،بزرگوں،نوجوانوں،بچوں اورعورتوں کو اس بیدردی سے قتل اوربے آبروکیاجارہاہے جس کی مثال انسانی تاریخ میں ملنا محال ہے اورہرطریقے سے ان مظلوم اور بے سہارا مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے– برمی حکومت نے اپنے ان اقدامات کو سندجواز دینے کے لیے 1982 میں ایک ظالمانہ فیصلہ کے ذریعے سرکاری طورپرروہنگیائی مسلمانوں کو برمی شہریت سے محروم کردیاتھا۔ 2014 میں انہیں روہنگیاکی بجائے بنگالی کے خانے میں رجسٹرڈکیاگیااورپھر 2015 میں اس کوبھی منسوخ کردیاگیا۔یوں ان کے جملہ انسانی حقوق کو ختم کردیا گیا ، یوں انہیں حق ملکیت، تعلیم ،صحت ،روزگار اور ووٹ کے حق سے محروم کر دیا گیا- جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ،اقوام متحدہ،اسلامی کانفرنس اورحکومت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طورپربرما میں ہونی والی انسانی تاریخ کی بدترین نسل کشی کو فوری طور پر رکوائے اور وہاں کی حکومت پردباؤڈالے کہ وہ روہنگیائی مسلمانوں کی بنیادی شہریت بحال کی جائے،ان کوووٹ کے حق کو تسلیم کیاجائے اورحالات معلوم کرنے کے لیے اسلامی کانفرنس کامشن فوری طورپرمیانماربھجوایا جائے -نیزمتاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی اجازت حاصل کی جائے۔اجلاس یہ بھی مطالبہ کرتا ہے کہ تمام اسلامی ممالک برما سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کریں تا وقتیکہ وہ برما کے مسلمانوں کا حق تسلیم نہیں کر لیتا۔