جماعت اسلامی مظفر آباد اور اسلام آباد میں موثر سیاسی قوت بن کر آئے گی تو کشمیر سمیت پوری دنیا کے مظلوموں کی حقیقی پشتیبانی اور ترجمانی کر سکے گی ،سراج الحق

{AF}siraj ul haqجماعت اسلامی مظفر آباد اور اسلام آباد میں موثر سیاسی قوت بن کر آئے گی تو کشمیر سمیت پوری دنیا کے مظلوموں کی حقیقی پشتیبانی اور ترجمانی کر سکے گی ،سراج الحق{/AF}

اسلام آباد( پ ر ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مظفر آباد اور اسلام آباد میں موثر سیاسی قوت بن کر آئے گی تو کشمیر سمیت پوری دنیا کے مظلوموں کی حقیقی پشتیبانی اور ترجمانی کر سکے گی ، نریندر مودی سن لے وہ کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا، بھارتی قیادت اقوام متحدہ میں اپنی پیش کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو بنیادی اور پیدائشی حق فراہم کرے ، جماعت اسلامی اﷲ کے بھروسے اور سہارے پر میدان میں نکلی ہے وہ اﷲ جو قطرے سے سمندر بنا دیتا ہے رائی سے پہاڑ بنا دیتا ہے ، نطفے سے انسان بنا دیتا ہے اسی کے سہارے پر ہم اسی کے دین کے غلبے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ، معاشرے کے موثر افراد کو اپنے ساتھ شامل کریں ، عوام کے ترجمان بنیں ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک دعوت پہنچائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا عبدالباری کانفرنس ہال میں جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر خالد محمود اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ نے انبیاء کے کام کے لیے منتخب کیا ہے اﷲ کے دین کی دعوت ، اﷲ کے بندوں تک پہنچانا کار انبیاء ہے ۔یہ اﷲ کا فضل ہے کہ اﷲ نے ہمیں اپنے اس کام کے لیے چنا ہے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اﷲ کے اس پیغام کو مخلوق خدا تک پہنچائیں ۔مخلوق خدا ایک سمندر ہے اس تک پہنچنا ہماری ذمہ داری ہے ، ہمیں فرقوں میں پڑنے کے بجائے امت بن کر دین کے غلبے کی جدوجہدکرنی چاہئیے یہ اﷲ کا حکم ہے ۔ اﷲکے دین کا یہ کام مسلسل کرنے کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے جب تک کشمیریوں کو ان کا حق مل نہیں جاتا ہم ان کی پشت پر رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے کشمیریوں کی تحریک کو لے کر چل رہی ہے اور منزل کے حصول تک وہ کشمیریوں کے ساتھ رہے گی انہوں نے کہا کہ میری زندگی کا آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ رہوں گا ۔ عالمی برادری اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور کشمیریوں کو وہ حق دلائے جس کا اقوام متحدہ نے عہد کر رکھا ہے ، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی مستند دہشتگرد ہے وہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم کی انتہا کر رہا ہے ہندوستان میں کوئی بھی اقلیت نریندر مودی کی دست برد سے محفوظ نہیں ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ اہل کشمیر جماعت اسلامی پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ اس نے تحریک آزادی کشمیر ، 2005ء کے تباہ کن زلزلے میں متاثرین کی بھرپور مدد کی ، ہر آزمائش کی گھڑی میں جماعت اسلامی پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہی ہے ، سراج الحق کشمیریوں کے مان ہیں ، ہم ان کو یقین دلاتے ہیں کہ آزاد خطے کو حقیقی اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنائیں گے اور اسلامی تحریک کو پورے بر صغیر کی ماڈل اسلامی تحریک بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سسمک رپورٹ کے مطابق حکومت آزاد کشمیر مظفر آباد باغ سمیت بڑے شہروں کو ماڈل پلان کے مطابق تیار کرے ، متاثرین زلزلہ کے لیے آنے والی خطیر رقم کہاں گئی ، 56ارب روپے جو پاکستان منتقل کیے گئے ان کو واپس کیا جائے تا کہ سکولز ، کالجز جو آج تک نہیں بن سکے وہ تعمیر ہو سکیں ، انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ متاثرین زلزلہ کے لیے آنے والی رقم کا حساب پاکستان کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کرے تا کہ پتہ چل سکے کہ یہ رقم کہاں خرچ ہوئی۔ دریں اثناء زلزلے میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر