{AF}
وزیر اعظم پاکستان سے کشمیری بجا طور پر یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کے سامنے پیش کرکے کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا کریں گے ،ڈاکٹر خالد محمود خان{/AF}
راولاکوٹ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد حاقان عباسی سے کشمیری بجا طور پر یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کے سامنے بھرپور اور جاندار طریقے سے پیش کرکے کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا کریں گے ،حال ہی میں امریکی اقدامات سے کشمیریوں کے حق خودارادیت جو پوری دنیا نے تسلیم کررکھا ہے وہ متاثر ہوا ہے اس حوالے سے بھی جنرل اسمبلی میں کماحقہ کشمیریوں کی نمائندگی کریں گے ،انتہاپسند برما کی حکومت اور بدھوں کی طرف سے نہتے اور مظلوم روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اجاگر کریں گے اور اقوام عالم سے مطالبہ کریں کہ وہ اقوام متحدہ سے برما کی رکنیت معطل کرے اور تمام دنیا برما سے اپنے تعلقات ختم کرے جب تک برما کی حکومت مسلمانوں کے حقوق کو تسلیم نہیں کر لیتی ،ایٹمی پاکستان کے وزیراعظم سے دنیا بھر کے مظلوم بھی یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ جنرل اسمبلی میں ان کی نمائندگی اور ترجمانی کا حق بھی ادا کرے کریں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ نریندر مودی نے عالمی برادری کو مکاری اور ہوشیاری سے گمراہ کیا ہے اس پروپیگنڈے کے توڑ کا بھی یہ موقع ہے کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا جائے تا کہ کشمیریوں کی اقوام متحدہ میں بھرپور نمائندگی کا حق ادا ہوسکے ،انہوں نے کہا کہ فلسطین سمیت مسلم دنیا کے مسائل کے حوالے سے بھی پاکستان کے وزیر اعظم کو بھرپور نمائندگی کرنی چاہیے انہوں نے کہاکہ اقوام عالم کے سامنے ہندوستان نے یہ عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق حق خودارادیت فراہم کرے گا لیکن 70سال گزرنے کے باوجود ہندوستان نے کشمیریوں کو یہ حق فراہم نہیں کیا اور حق مانگنے کی پاداش میں 6لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے لاکھوں کو بے گھر کیا جا چکا ہے ہزاروں لاپتہ ہیں اور اسی طرح ہزاروں عصمتیں بھی لوٹی جا چکی ہیں جو پوری اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔