{AF}
ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں شکست کو دیکھ کر سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے ،ڈاکٹر خالد محمود خان {/AF}
راولپنڈی( پ ر )امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں شکست کو دیکھ کر سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے ، عالمی برادری اس کانوٹس لے ، کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہندوستان اسے نہیں پڑھے گا تو اس کا حشر بھی سابق سوویت یونین کی طرح ہوگا ، کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں ، وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر متاثرین سیز فائر لائن کی بحالی اور دیکھ بھال کے لیے اقدامات کرے ، صحت ، تعلیم اور رہائش کا بندوبست کرے ، جماعت اسلامی کے ادارے اور رضا کار بھی اپنے بھائیوں کی مدد کریں ، متاثرین سیز فائر لائن کی ہر سطح پر امداد کی ضرورت ہے جو فی الفور کی جانی چاہیے ۔ سیز فائر لائن سے ملحقہ آبادیاں دوسری دفاعی لائن ہیں، ہندوستان کی کوشش ہے کہ وہ خوف و ہراس پیدا کر کے یہاں سے لوگوں کو نکلنے پر کرے ۔یہاں کے بہادر عوام دشمن کا مقابلہ کریں گے ۔