{AF}
نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلم تشخص ختم کرنے کی ساز ش کررہے ہیں،نورالباری {/AF}
راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر نورالباری نے کہا ہے کہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلم تشخص ختم کرنے کی ساز ش کررہے ہیں حکومت پاکستان اس کا سخت نوٹس لے،ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 370کی دفعہ 35Aکو ختم کرکے مقبوضہ کشمیرمیں غیر ریاستی باشندوں کو آباد کرنے کی سازش کی جا رہی ہے کشمیری ہندوستان کے ان عزائم کو ناکام کرنے کے لیے میدان جہاد میں ہیں لیکن حکومت آزادکشمیر اور حکومت پاکستان اس حوالے سے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے تا کہ نریندر مودی کی سازش ناکام ہو سکے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا ہو چکی ہے روزانہ کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے گھروں کو تباہ کیا جا رہا ہے ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری پر عزم ہیں وہ آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں آزادی نوشتہ دیوار ہے ،انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو توقع ہے کہ پاکستان کے اندرونی حالات جو بھی ہوں لیکن پاکستان کی قوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور پشتیبانی کا حق ادا کرتی رہے گی ،حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق ادا کرے ،کشمیری پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں اپنے شہداء کو پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفنا رہے ہیں اس سے بڑا پاکستانی ہونے کا ثبوت اور کوئی نہیں ہوسکتا ۔