جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کی سید صلاح الدین کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دئیے جانے کے مضحکہ خیز فیصلے کی پر زور مذمت

{AF}logo-jamaat-e-islami-ajkجماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کی سید صلاح الدین کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دئیے جانے کے مضحکہ خیز فیصلے کی پر زور مذمت {/AF}

مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس بھارتی وزیر اعظم نریند ر مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر امریکی حکومت کی جانب سے متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین و سپریم کمانڈر حزب المجاہدین سید صلاح الدین کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دئیے جانے کے مضحکہ خیز فیصلے کی پر زور مذمت کرتا ہے اور اس فیصلے کو اتفاق راے سے مسترد کرتا ہے اور اس فیصلے کو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق پر گہرا وار قرار دیتا ہے چونکہ اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق ریاست جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کو اس کے اندر انسانیت کے قتل عام اور ریاستی دہشت گردی کی کسی بھی صورت میں اجازت نہ ہے بھارت نے بین الاقوامی اداروں اور قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 8لاکھ مسلح فوج کے ذریعے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے اور بھارتی فوج گذشتہ 70سالوں اور باالخصوص گذشتہ 30سال سے کشمیری عوام کے قتل عام کا ارتکاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے بدترین استعماری ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ اس غیر ملکی استعماری قبضہ کے خلاف اہل جموں کشمیر کی آزادی اور حق خوارادیت کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق معروف معنوں میں ایک آزادی کی تحریک ہے جسے کسی طور پر دہشت گردی سے منسلک کرنا بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی نفی کرنے کے مترادف ہے۔ اس لیے یہ اجلاس امریکی اور بھارتی گٹھ جوڑ کو قطعاً مسترد کرتے ہوئے ان تاریخی حقائق کی یاد دہانی کرانا چاہتاہے کہ جموں کشمیر کی تحریک آزادی میں سید صلاح الدین اس طرح ایک ہیرو ہیں جس طرح امریکیوں کے لیے جارج واشنگٹن ، جنوبی افریقہ کے نیلسن منڈیلا اور بھارت کی آزادی کے لیے سبھاش چند بوس کو ہیرو سمجھا جاتاہے جنہیں اپنے وقت کے قابض استعمار نے دہشت گرد قرار دیاتھا۔ اسی تاریخی تسلسل میں سید صلاح الدین اور آزادی کی جدوجہد کرنے والا ہر کشمیری ہیرو ہے ۔ ہم اپنے ان ہیروز کو یقین دلاتے ہیں کہ منزل کے حصول تک ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ ہم امریکی صدر کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ نریندر مودی جس کے ہاتھ گجرات کے مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں جسے خود امریکہ نے دہشت گرد قرار دے کر اس کا ویزا منسوخ کردیاتھااور جو آ۔آر ۔ ایس ۔ایس کے ہندو انتہا پسند ایجنڈے کو آگے بڑھا تے ہوئے جنوبی ایشیا ہی نہیں پوری دنیا کے امن کے لیے ایک خطرہ بن چکاہے، کی پشتیبانی ایک فاشسٹ ہٹلر کی پشتیبانی کے مترادف ہے۔ اس لیے اجلاس حکومت امریکہ پر زور دیتاہے کہ وہ اس فیصلے کو واپس لیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کانوٹس لے۔ دنیا کے امن کو تباہ ہونے اور ایٹمی جنگ سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ یہ اجلاس برہان مظفر وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے جن کے مقدس لہونے تحریک آزادی کو ایک نئی توانائی بخشی جس کے نتیجہ میں آج ریاست کا بچہ بچہ برہان مظفر وانی بن چکاہے۔ برہان شہید کی شہادت کے بعد اٹھنے والی لہر کو کچلنے کے لیے بھارتی افواج نے قتل و غارت گری کا جو بازار گرم کر رکھا ہے وہ قابل مذمت ہے اور لائق تشویش بھی ۔ حال ہی میں برہان مظفر وانی شہید کے جانشین سبزار احمد بھٹ شہید اور دیگر شہداء کے جنازوں میں کرفیو اور پابندیاں توڑتے ہوئے لاکھوں افراد کی شرکت کشمیری عوام کی طرف سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کے ساتھ والہانہ وابستگی کا اظہار ہے اور بھارت کے لیے نوشتہ دیوار بھی کہ کشمیری آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ۔ یہ اجلاس حکومت آزاد جموں وکشمیر سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ حکومت پاکستان پر مسئلہ جموں وکشمیر کے حل کے لیے ٹھوس، واضح اور جارحانہ اقدامات پر مبنی حکمت عملی اور مستقل پالیسی بنانے کے لیے دباؤ ڈالے اور تمام ممکنہ ذرائع بروئے کا ر لائے ۔ یہ اجلاس حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر سے متعلق پالیسی سے ایڈہاک ازم ختم کرے اور اصولی فیصلے کرتے ہوئے اقداما ت کرے ،او آئی سی اور اقوام متحدہ جیسے اداروں کے ذریعے مظلوم کشمیری عوام کی دادرسی کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے ۔ یہ اجلاس او آئی سی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے اور جنوبی ایشیا میں امن کی بحالی کے لیے مسئلہ جموں وکشمیر حل کرائے اور اقوام متحدہ جموں وکشمیر کے عوام سے حق خودارادیت کا کیا گیا وعدہ پورا کرے ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر