{AF}
کشمیری بھارتی استعمار کے سامنے سینہ سپر ہیں کشمیریوں نے اپنے آپ کو ہر محاذپر ناقابل تسخیر بنا دیا ہے ،عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارتی استعمار اپنے پورے وسائل کے ساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کچلنے کے در پہ ہے کشمیری بھارتی استعمار کے سامنے سینہ سپر ہیں کشمیریوں نے اپنے آپ کو ہر محاذپر ناقابل تسخیر بنا دیا ہے صدیوں بعد جب کشمیریوں نے بندوق اٹھائی تو بھارتی فوج کو تگنی کا ناچ نچایا اور یہ ثابت کیا ہے کہ صوفی منش کشمیری اپنی آزادی اور غیر ت اور اسلام کی خاطر کسی بھی طوفان کا مقابلہ کر سکتے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ نوخیز کشمیری مجاہدین نے شجاعت اور بہادری کی ایسی داستانیں چھوڑی ہیں کہ تمغے تقسیم ہوتے تو دو چار نہیں ہزاروں نشان حیدر اور ہلا ل جرات کے حق دار ٹھہرتے ،کھلی قتل و غارت گری،حراستی قتل ،مال و اسباب کی تباہی اور پیلٹ گن جیسے ممنوعہ ہتھیاروں کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو بینائی سے محروم کرنے کے باوجود عوامی مزاحمت کی لہر وسعت پزیر ہوتی جا رہی ہے وادی جموں اور لداخ تک پہنچ چکی ہے برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد نیا انتفاضہ برپا ہے کرفیو کو توڑ کر لاکھوں لوگ شہداء کے جنازوں میں شریک ہوتے ہیں شہداء کو پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفنایا جا رہا ہے وادی میں پاکستانی پرچموں کی بہار ہے اس تازہ لہر نے بھارت کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں یشونت سنھا اور گلدیب نیئر جیسے جاندیدہ سیاست دان او ر صحافی مودی کو نوشتہ دیوار پڑھنے پرمتوجہ کررہے ہیں اور اس حقیقت کا برملا اعتراف کررہے ہیں کہ کشمیری نوجوانو ن موت سے بے خوف ہو چکا ہے اس ہے اسے طاقت کے ذور پر دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی معاشی پیکج سے اسے مطمین کیا جا سکتا ہے ،ارون دھتی رائے نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ بھارت کشمیر میں 7لاکھ فوج کے بجائے 70لاکھ فوج بھی لگا دے تو کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سردنہیں کیا جاسکتا آج کشمیر طلبہ وطالبات پتھروں سے بھارتی فوج کو للکار رہے ہیں ان حالات میں حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پشتیبانی کا حق ادا کرے پاکستان کی حکومت ،اپوزیشن ،میڈیا اور عوام یکجان اور یک زبان ہو کر کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہوں کشمیری اپنی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس اورآمدہ انتخابات کی الجھن سے نکل کر کشمیریوں کو یادر کھیں ،پاکستانی پرچموں کی بہار کے ساتھ اٹھنے والی اس لہر کو مایوسی کا شکار کیا گیا تو ردعمل میں کوئی دوسری لہر بھی اٹھ سکتی ہے اس کے ذمہ دار یقیناکشمیری نہیں ہو ں گے ۔