{AF}
ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر جاری مزاحمتی تحریک نے ہندوستان کو خوف زدہ کر دیا ہے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
مدارپور( پ ر ) امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے ریٹائرڈ صدر معلم اعظم شاہ شہید جن کو بھارتی فوج آزاد خطے سے اٹھا کر لے گئی اور شہید کر دیا ان کے گھر جا کر اور گلزار رشید شہید ، سردار فضل احمد درہ شیر خان میں جا کر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔جبکہ کنٹرول لائن پربھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں مدارپور،مینڈلہ، سہر ککوٹہ،دھرمسال ، بٹل ، منڈھول اور درہ شیر خان کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا ، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستانی افواج نے اسی سالہ بزرگ سابق ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر کو آزاد کشمیر میں گھر سے اٹھاکر لے گئی اور شہید کر دیا بعد ازاں اس کو مجاہد ظاہر کر کے بڑی بہادری دکھانے کی کوشش کی یہ بہادری نہیں بزدلی کی بد ترین مثال ہے ، انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ڈیفنس کمیٹیاں قائم کرنے کا اہتمام کیا جائے ، بھارتی عزائم ناکام بنانے کے لیے نوجوانوں کو منظم کیاجائے اور ان کو اسلحہ اور تربیت دی جائے ۔ حکومت آزاد کشمیر شہداء اور زخمیوں اور مکانات کے نقصانات کا فوری طور پر ازالہ کرتے ہوئے معقول معاوضے کا اہتمام کیاجائے۔ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے ہماری سیکنڈ ڈیفنس لائن ہیں بھارتی فوج کے ناپاک کے عزائم میں رکاوٹ ہیں ، حکومت اور دفاعی ادارے ان متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر جاری مزاحمتی تحریک نے ہندوستان کو خوف زدہ کر دیا ہے ، اس خوف سے نکلنے کے لیے وہ سیز فائر لائن پر بم باری اور بلا اشتعال فائرنگ کر رہا ہے ، نریندر مودی اور اس کی بزل فوج کو یاد رکھنا چاہیے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان 1947ء میں مجاہدین نے جہاد کے ذریعے آزاد کروایا ہے ، اور ان کی نسلیں ابھی زندہ ہیں اور انہی شہداء اور غازیوں کا خون ان کی رگوں میں دوڑ رہا ہے ہندوستان نے اگر کشمیر کو آزاد نہ کیا اور سیزفائر لائن پر فائرنگ بند نہ کی تو لاکھوں مجاہدین ہندوستان کو چھٹی کا دودھ یاد دلائیں گے ، یہاں کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ مل کر وطن کا دفاع اور مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروائے گا ۔ ہندوستان طاقت کی زبان سمجھتا ہے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے یہی زبان ہندو بنیا سمجھتا ہے۔اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی اول روز سے سیز فائر لائن کے متاثرہ علاقو ں میں اپنے اداروں کے ذریعے خدمت کا کام جاری رکھے ہوئے ہے حلقہ نمبر 1میں الخدمت کی 4ایمبولینسز خدمت کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ہمارے کارکن ادارے سب آپ لوگوں کی خدمت کے لیے وقف ہیں ، آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ اتحاد اور یکجہتی پیداکر کے دشمن کے عزائم کو ناکام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پشت پر ایٹمی پاکستان اور بیس کروڑ عوام اور بہادر افواج ہیں بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ساری دنیا کے باضمیر ادارے اور حکومتیں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں کشمیر کی مکمل آزادی تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، اﷲ کی نصرت اور تائید سے ہم فتح مند ہوں گے کشمیر آزاد ہو کر پاکستا ن کا حصہ بنے گا۔