{AF}
کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ہندوستان کو شکست سے دوچار کر دیا ہے ،عبدالرشید ترابی {/AF}
پلندری ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ شہداء پوری امت کے سر کا تاج ہیں ، اﷲ تعالیٰ اپنے منتخب لوگوں کو ہی شہادت کا اعزاز بخشتا ہے ،کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ہندوستان کو شکست سے دوچار کر دیا ہے ، 2000ء میں ہندوستان کی فوج نفسیاتی مریض بن کر ہتھیار ڈال رہی تھی ،ستائیس سالوں سے چلنے والی یہ تحریک ہر نئے دن کے ساتھ نئے جذبے سے آگے بڑھ رہی ہے ، آزادی کی منزل کو ہندوستان طاقت سے دور نہیں کر سکتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کمانڈر شمشیر خان ، سردار حلیم خان ،سردار سرفراز خان ، سردار ذوالفقار خان ، سردار خلیل خان ، ملک ظفر اعوان ، سردار عبدالمجید سابق ڈی ۔ ای ۔ او ، عبدالرحیم ساغر ، غازی محمد فاروق سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے تمام استعماری ہتھکنڈے استعمال کر لیے ہیں، لیکن کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے ، انسانی تاریخ میں اتنے مظالم کسی استعمار نے نہیں کیے جتنے مظالم ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں ڈھا رہا ہے اس کے باوجود وہ اپنے عزائم میں بری طرح ناکام ہے ، کشمیری نوجوان بچے بوڑھے سب آزادی کے نعرے لگا رہے ہیں ، موت سے بے خوف کشمیریوں کو اب کوئی غلام نہیں رکھ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 1947ء میں یہاں کے لوگوں نے تمام سیاسی اور مذہبی رنگ و نسل و علاقے سے بالا تر ہو کر جہاد کیا تھا اور یہ خطہ آزاد کروایا تھا اسی طرح ایک بار پھر ہمیں متحد اور متفق ہو کر بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی ۔ جماعت اسلامی شہداء کے مشن کی علمبردار ہے ، جماعت اسلامی اسی مشن کو لے کر چل رہی ہے جو 1947ء میں قوم لے کر چل رہی تھی ۔کشمیر کی مکمل آزادی تک جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مقدس جہاد میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کر لیا ہے اب ان کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانا اور کامیابی کی منزل سے ہم کنار کرنا بیس کیمپ اور پاکستان کی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت پاکستان اپنی ذمہ داریوں کو کماحقہ ادا کرے کشمیریوں کی حقیقی پشتیبانی کرے ، ہندوستان کے مظالم کو دنیا میں بے نقاب کرنے کے لیے بھرپور سفارتی مہم منظم کرے اسلامی ممالک اور مغربی ممالک کے لیے علیحدہ علیحدہ حکمت عملی تشکیل دے ، نریندر مودی دنیا میں نا پسندیدہ ترین شمار کیا جاتا ہے ، وہ ہندوستان کے اندر بھی تمام اقلیتوں کے حقوق غصب کر رہا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیامیں اس کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے ، اس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ عالمی سطح پر رابطہ مہم کے بعد سلامتی کونسل میں اس مسئلے کو اٹھایا جائے انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنے پر لایا جائے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈر شمشیر خان نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے ، اور جہاد ہی کے ذریعے کشمیر آزاد کیا جا سکتا ہے ، نعرہ تکبیر بلند کی ضرورت ہے ، جس سے ہندوستان کے حوصلے پست ہوتے ہیں ، کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ، پیلٹ گنوں جیسے ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال سے بھی بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار حلیم خان نے کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں ، ان کی قربانیوں کے نتیجے میں کشمیر کو آزادی کی منزل ملے گی ، ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے اور ان کے مشن کے خلاف کسی کو غداری نہیں کرنے دیں گے ۔