{AF}
آزادکشمیر میں اکثر اور بیشتر دیہاتی علاقوں میں تعلیمی اداروں کا سسٹم ٹھیکے پر چل رہا ہے، رفعت عزیز {/AF}
مظفرآباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کی ممبر قانون ساز اسمبلی رفعت عزیز نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے سرکاری سکولوں میں پرائمری اور مڈل کلاسز کا رزلٹ مایوس کن بلکہ کئی سکولز کا صفر فیصد رہا ہے جس کی وجہ سے طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا اور والدین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جس سے ایک قیمتی سال ضائع ہو گیا حالانکہ سرکاری اساتذہ کی تنخواہیں اور سہولیات بہت زیادہ ہیں مگر اس کے باوجود نتائج صفر ہے اسی طرح اگر پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو دیکھا جائے تو وہاں انکی تنخواہیں بہت کم مگر ان کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں توجہ طلب نوٹس بارے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،رفعت عزیز نے کہا کہ آزادکشمیر میں اکثر اور بیشتر دیہاتی علاقوں میں تعلیمی اداروں کا سسٹم ٹھیکے پر چل رہا ہے اساتذہ حتیٰ کہ صدر معلمیں تک کی حاضری باقاعدہ نہیں ،ایک دن جا کر تنخواہ وصول کرتے ہیں باقی وقت اپنی جگہ انہیں مقامات پر کم تعلیم یافتہ افراد کو تین سے پانچ ہزار روپے تنخواہ دیکر طلبہ کی تعلیم ان کے سپرد کر دی جاتی ہے جبکہ آج کا تعلیمی نصاب پڑھانا ان کے بس کی بات نہیں ،انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے DEOصاحبان ان لوگوں کو خوب جانتے ہیں لہٰذا ان سے ان اساتذہ کی فہرستیں طلب کی جائیں اور انہیں سکولوں میں حاضر کیا جائے ،انہوں نے وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے کردار ادا کریں اور خصوصی ٹاسک سمجھ کر اس پر کام کریں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر کام کررہے ہیں وہ نظام کی تعلیم کی بہتری کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں گے۔