{AF}
صدر ریاست سردار مسعود خان سے عبدالرشید ترابی کی وفد کے ہمراہ ملاقات،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال {/AF}
اسلام آباد( پ ر) صدر ریاست آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ،وفد میں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی،جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و کو آرڈنیٹر اورسیز راجہ جہانگیر خان موجود تھے،اس موقع پر صدر ریاست سردار مسعود خان نے کہا کہ تارکین وطن کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات قابل تحسین سرگرمیوں کومزید مضبوط اور منظم کر کے آگے بڑھائیں گے،نظریاتی تشخص سے منخرف ہوئی قوم اور ریاست قائم نہیں رہ سکتی،بھارت مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر کی تحریک کے حوالے سے ہمیشہ تعاون کیا ہے اقوام متحدہ میں 57اسلامی ممالک بڑی قوت ہیں ہندوستان کو دنیا میں کوئی ملک اور ریاست نہیں جو اس کے موقف کی حمایت کرے مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن جیسے ممنوعہ ہتھیار کا استعما ل کر کے نوجوانوں اور بچوں کو بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے خواتین کی عصمت دری سکول اور کالجز کے طلبہ و طالبات پر تشدد کیا جا رہا ہے جو کھلی دہشت گردی ہے عالمی سطح پر ہندوستان تنہائی کی وجہ سے جموں وکشمیر کے باسیوں پر مظالم کی انتہا کر چکا ہے ایسے میں برطانیہ میں مقیم تارکین وطن مظالم کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے کشمیر ی کسی صورت آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے برطانیہ میں تحریک کشمیر کی خدمات قابل تحسین ہیں نوجوانوں کو منظم کر کے سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جس سے عالمی میڈیا میں کشمیر کاز کو تقویت ملی،اس موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے برطانیہ میں کشمیر کے حوالے سے سرگرمیوں سے صدر ریاست کا آگاہ کیا اور کہا کہ ڈنمارک،اٹلی میں کشمیر کانفرنسز منعقد کی گئیں جلد برطانیہ میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس منعقد کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی اختلافات سے بالا ترہو کر کشمیر کاز کے لیے کام کررہے ہیں نوجوانوں کو منظم کر کے مسئلہ کشمیر کے ساتھ جوڑ رہے ہیں جو تحریک کی تقویت کا باعث ہے ۔