گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق فراہم کیے جائیں ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ،عبدالرشیدترابی

{AF}abdul rasheed turabiگلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق فراہم کیے جائیں ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ،عبدالرشیدترابی {/AF}

اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر وممبر قانو ن ساز اسمبلی عبدالرشیدترابی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق فراہم کیے جائیں ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ،جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے درجنوں قومی کانفرنسز کی ہیں حکومت پاکستان گلگت بلتستان کے حوالے سے قومی مشاورت کا اہتمام کرے تمام پارٹیوں کے قائدین کو اعتماد میں لیا جائے اس وقت تحریک آزادی کشمیر نازک مرحلے پر ہے پاکستان اور کشمیر ی قیادت کے درمیان بد اعتمادی پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ’’روزنامہ جموں وکشمیر‘‘ کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے حقوق بارے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ،عبدالرشید ترابی نے روزنامہ جموں وکشمیر کے چیف ایڈیٹر عامر محبوب اور منتظمیں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیری صحافی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور خطوں کے مسائل اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی بندر بانٹ نہیں بلکہ وحدت کشمیر پر یقین رکھتی ہے گلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دینے کے بجائے کشمیر طرز پر حکومتی ڈھانچہ تشکیل دے دونوں آزاد خطوں کو آئینی طور پر باہم مربوط کریں صدر،سپریم کورٹ اور کشمیر کو نسل کو ایک کیا جائے ،آئینی پیکج ساری قوم کے لیے قابل قبول ہو گا تاہم اس کے لیے مشاورت ضروری ہے ساری سیاسی جماعتوں اور مختلف مکاتب فکر کے طبقات سے مکالمہ ہوناچاہیے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں متاثر ہوں گی عبدالرشید ترابی نے کہا کہ معاہدہ کراچی میں یہ حقیقت تسلیم کی گئی ہے کہ گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے ایکٹ 70اور ایکٹ 74میں گلگت بلتستان کو بھی شامل کرنا چاہیے تھا جو نہ ہوسکا ،عبدالرشیدترابی نے کہا کہ یہ دونوں خطے جہاد سے آزاد ہوئے ابھی ریاست کو دوتہائی حصہ دشمن کے قبضے میں ہے جسے آزاد کرانا ہم سب پر فرض ہے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کی قومی قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں سابق صدر پاکستان شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان شامل ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ کوئی بے تدبیری نہیں کریں گے جس سے مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچے ،انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی قیادت کو پاکستان کی قومی قیادت مسلم لیگ(ن)،پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر تمام پارلیمانی پارٹیوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے جماعت اسلامی کے سواکسی دوسری سیاسی جماعت کا گلگت بلتستان میں تنظیمی سیٹ اپ موجود نہیں جس کا وہاں کے عوام کو آزادکشمیر کی قیادت سے گلہ شکوہ ہے آزادکشمیر کی سیاسی قیادت نے وہاں کے عوام سے رابطہ نہیں رکھا عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت گلگت بلتستان کو ایسے سٹیٹس جس سے اقوام متحدہ کی قراردادیں متاثر ہوں اور کشمیر پر موقف کمزور ہو سے اجتناب کرنا چاہیے ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر