گلگت بلتستان کے حقوق ان کو حقیقی طور پر منتقل کیے جانے ضروری ہیں ،نور الباری

{AF}noor ul bariگلگت بلتستان کے حقوق ان کو حقیقی طور پر منتقل کیے جانے ضروری ہیں ،نور الباری{/AF}

راولپنڈی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے قائم مقام امیر نور الباری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے حقوق ان کو حقیقی طور پر منتقل کیے جانے ضروری ہیں ، مقامی انتظامی سیٹ اپ کو با اختیار بنانے کی ضرورت ہے ۔ چیف ایگزیکٹو کے اختیارات نمائندگان کے پاس ہونے چائیں ، گلگت بلتستان کے تمام امور گلگت بلتستان کے سیکرٹریٹ سے انجام پانے چاہئیں ، انتظامی اور مالیاتی اختیارات بھی مقامی سطح پر منتقل ہونے چاہئیں ، مقامی سروسز کے اندر مقامی افراد کو ترقیاں ملنی چاہئیں ، ڈپوٹیشن کو ختم ہونا چاہیے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق ان کو حقوق دیے جائیں ،جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہوں ۔ پاکستان کے علاوہ مقامی طور پر قائم حکومت کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو متاثر کیے بغیر اور صوبے کا نام دئے بغیر یہاں کے عوام کو حقوق مالیاتی وسائل فراہم کیے جائیں ۔اس میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہے ۔ حکومت پاکستان اس مرحلے پر کوئی ایسا اقدام یا فیصلہ نہ کرے جو اقوام متحدہ میں پاکستان کی موجودہ پوزیشن متاثر ہواور پاکستان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کمٹمنٹ متاثر ہو۔ ریاست جموں وکشمیر کی وحدت کو متاثر نہ کیا جائے تاریخی اور قانونی طور پر گلگت بلتستان ریاست جموں وکشمیر کا ناقابل تقسیم حصہ ہے ، تقسیم بر صغیر سے قبل یہ ریاست تین صوبوں پر مشتمل تھی ، صوبہ جموں ، صوبہ لداخ و گلگت ، سرحدی صوبے کہلاتے تھے ، 1935ء میں برطانیہ نے گلگت بلتستان کو ساٹھ سالہ پٹے پر دیا ، 1947ء میں یہ علاقہ ریاستی حکومت کے حوالے کیا گیا ، اس عرصے میں یہاں پر ریاستی پرچم لہراتا رہا ،1934ء ،1937 اور 1941ء کے انتخابات میں بھی گلگت بلتستان کے نمائندے ریاستی اسمبلی میں موجود تھے ۔1947ء کے آخری انتخابات میں بھی مشترکہ اسمبلی میں موجود تھے۔ گلگت بلتستان کو عارضی طور پر پاکستان نے معاہدہ کراچی 1949ء کے تحت انتظام سنبھالا جو آزاد حکومت اور حکومت پاکستان کے درمیان معاہدہ تھا۔ جنگ بندی کی قرار داد1949ء میں سیز فائر لائن گلگت میں بھی قائم ہوئی ۔ اقوام متحدہ کے مبصر گلگت میں بھی آج تک تعینات ہیں ماضی میں وزارت خارجہ نے ہمیشہ گلگت بلتستان کا نقشہ ریاست جموں وکشمیر کے حصے کے طور پر دکھایا ہے ۔ 1956ء 1961ء اور 1973ء کے دستایر پاکستان میں یہ علاقے پاکستان کی حدود میں شامل نہیں ہیں ۔1963ء میں چین کے ساتھ سرحدی معاہدے میں یہ طے پایا کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے کے بعد جو ریاستی حکومت قائم ہوگی اس کے ساتھ سرحدی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کیے جائیں گے۔ 1963ء میں چین پاکستان کے معاہدے میں ہندوستان کے اعتراض کے جواب میں ذوالفقار علی بھٹو نے اس علاقے کو کشمیر کا حصہ تسلیم کیا۔اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کا اعلان کیا ۔ 1950ء میں جب مقبوضہ کشمیر کی ریاستی اسمبلی کے ذریعے ریاست کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہو سکتا بلکہ رائے شماری کے ذریعے سارے علاقے رائے شماری میں حصہ لے کر مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1999ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق یہاں کے لوگوں کو حقوق دیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئینی قانونی لحاظ سے ریاست جموں وکشمیر ایک وحدت ہے ، جماعت اسلامی اس وحدت کی علامت ہے ۔ تحریک آزادی کشمیر اس نازک مرحلے پر ہے اس میں کوئی ایسا اقدام اور فیصلہ نہ کیا جائے جس سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر