{AF}
پاکستان کے سفراء کشمیریوں کے ترجمان بن کر ہندوستان کے مظالم سے دنیا کو آگاہ کریں ،عبدالرشید ترابی {/AF}
ریاض( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سفراء کشمیریوں کے ترجمان بن کر ہندوستان کے مظالم سے دنیا کو آگاہ کریں ، ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بد ترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے ، او آئی سی کے فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر میں جانے سے ہندوستان نے روک کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس کے نزدیک اسلامی ممالک کی کوئی اہمیت نہیں ، ہندوستان کی ستر فیصد معیشت ارب ممالک سے وابستہ ہے ، عرب اور اسلامی ممالک ہندوستان کا سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کا اعلان کریں تو کشمیر دنوں میں آزاد ہو سکتا ہے ۔ کشمیری آزادی کے لیے پر عزم ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر حسن وزیر ، ملٹری اتاشی ، دانشوروں سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ان مواقعوں پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت پاکستان دنیا بھر میں اپنے سفراء کو ہدایات جاری کرے کہ وہ سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کریں ، پاکستان کے قابل سفراء دنیا بھر میں موجود ہیں اور اپنا کردار ادا کررہے ہیں صرف ان کو ڈائریکشن اور پالیسی دینے کی ضرورت ہے ۔ بعض ممالک میں سفراء اپنا مطلوبہ کردار ادا نہیں کر رہے ان کی جگہ محب وطن اور باصلاحیت سفراء کو تعینات کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر کڑے وقت میں پاکستان اور کشمیریوں کی پشتی بانی کی ہے ، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے جس پر اہل کشمیر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ زلزلے کے موقع پر سعودی عرب نے بھرپور بحالی کے لیے خدمات سرانجام دیں اور ابھی تک تعمیر نو کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں اہل دانش اپنے اپنے حلقہ اثر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور بھارتی مظالم سے عرب دنیا کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بڈ گام میں قابض فوج کی ننگی جارحیت نے اس کے اصل چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے ، ہندوستان کی آٹھ لاکھ فوج گزشتہ 27سالوں سے بدترین استعماری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکی ، جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور کشمیرکی آزادی کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا اور اﷲ کا نظام غالب نہیں ہوجاتا اس وقت تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے ،۔اس موقع پر پاکستان کے سفیر حسن وزیر نے عبدالرشید ترابی کو یقین دلایا کہ وہ بھرپور کردار ادا کریں گے ۔