{AF}
زکوۃٰ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا از سر نو جائزہ لیا جائے تا کہ حقدار کو اس کا حق اس کی دہلیز پر ملے، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ دکھی انسانوں کی خدمت انسانیت کی معراج ہے ،بیت المال،زکوۃٰ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا از سر نو جائزہ لیا جائے تا کہ حقدار کو اس کا حق اس کی دہلیز پر ملے،ان خیالات کااظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن باغ کی طرف سے بیوؤں میں ریلیف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے الخدمت فاؤنڈیشن ضلع باغ کے صدر مولانا عبدالمنان،امیر حلقہ شرقی باغ تنویر انور خان،خورشید چغتائی سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بے سہارا خاندانوں ،بیوگان اور یتیم بچوں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے بیت المال،زکوۃٰ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اگر دیانتداری کے ساتھ مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے تو سارے مسائل حل ہو جائیں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے طاقتور ہمیشہ سے اپنے مفادات حاصل کر لیتے جبکہ غریب اور نادار افراد محروم رہتے ہیں جس سے معاشرہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے انہوں نے کہا کہ یہ کیسا نظام ہے کہ جہاں غریب غریب تر اور امیر دن بدن امیر تر ہوتا جا رہا ہے جماعت اسلامی اپنے اداروں کے ذریعے آزاد کشمیر میں 13ہزار یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے جس میں ان کی فری تعلیم،یونیفارم،سٹیشنری اور ماہانہ کی بنیاد پر ان کے اخراجات مخیر افراد کے تعاون سے سر انجام دے رہی ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہماری خدمت کا مرکز و محور صرف اﷲ کی رضا ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر مشکل گھڑ ی میں زلزلہ ،سیلاب کے موقع پر عوام کی بھرپور خدمت کی تعلیم ،صحت کے شعبوں میں ہماری خدمات سب کے سامنے ہیں الخدمت ہسپتال،آغوش الخدمت سمیت دیگر پراجیکٹس ضلع باغ میں چل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ زکوۃٰ اور بیت المال اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق افراد میں تقسیم کرے تا کہ غریب کی مشکلات میں آسان ہوں۔