{AF}
قرآن وسنت نے جو حقوق خواتین کو دئیے ہیں وہ کسی دوسرے مذہب نے نہیں دئیے ،رفعت عزیز{/AF}
راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر حلقہ خواتین کی مرکزی راہنما و ممبر قانون ساز اسمبلی رفعت عزیز نے کہا ہے کہ خواتین کے عالمی دن منانے سے خواتین کے حقوق کا تحفظ نہیں ہو گا بلکہ قرآن وسنت نے جو حقوق خواتین کو دئیے ہیں وہ کسی دوسرے مذہب نے نہیں دئیے ،قرآن میں اﷲ تعالیٰ نے خواتین کے حقوق واضح طور پر بیان کر دئیے ہیں پاکستان اور آزاد کشمیر میں خواتین کے حقوق کے لیے قانون ساز ی کی گئی ہے لیکن ان قوانین کو عملاً نافذ کیا جائے تاکہ خواتین کو ذہنی ،نفسیانی اور جسمانی تشدد سے بچایا جاسکے،ان خیالات کااظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے مردوں میں بھی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ خاتون کو جن جن حیثیتوں میں مقام حاصل ہے اس کے مطابق ان کے ساتھ معاملات کیے جائیں ماں، بیٹی،بہن اور بیوی کی حیثیتوں میں اسلام نے جو حقوق اور احترام خواتین کو دیا ہے اس پر عمل کیا جائے تو خواتین آسودہ ہو سکتی ہیں ،جماعت اسلامی کی پوری کوشش ہے کہ معاشرے اور ملک کو سنوارنے کے لیے خواتین کو حقوق دئیے جائیں ان کے لیے الگ جامعات ،ہسپتال کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق آزادانہ طور پر اپنے الگ اداروں میں کام بہتر طریقے سے کرسکیں اسلام نے جو حقوق خواتین کو دئیے ہیں وہ سب سے اعلیٰ اور ارفع ہیں اسلام کے علاوہ خواتین کے حقوق کے نام پر محض تنظیمیں اپنے خاص ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہیں ان سے خواتین کو حقوق ملنے کے بجائے اور مسائل پیدا ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں اسمبلی کے پلیٹ فارم اور عوامی سطح پر خواتین کے حقوق کے حصول کی جنگ لڑتی رہوں گی ۔