ہمارے اسلاف اور ہیروز کا کشمیر کی آزادی کے لیے گرنے والاخون ہم پر قرض ہے کہ ہم بقیہ کشمیر کی آزادی کی منزل حاصل کریں ، عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabiہمارے اسلاف اور ہیروز کا کشمیر کی آزادی کے لیے گرنے والاخون ہم پر قرض ہے کہ ہم بقیہ کشمیر کی آزادی کی منزل حاصل کریں ، عبدالرشید ترابی{/AF}

راولپنڈی( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہمارے اسلاف اور ہیروز کا کشمیر کی آزادی کے لیے گرنے والاخون ہم پر قرض ہے کہ ہم بقیہ کشمیر کی آزادی کی منزل حاصل کریں ، مہاراجہ گلاب سنگھ کو ایک سازش کے تحت آج ہیرو بنا کر پیش کیا جا رہا ہے ، ہماری تاریخ کو مسخ کیا جا رہا ہے ، اس شاندار تاریخ کو مسخ کرنے والوں کوبے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ، ڈوگرہ کے شخصی نظام کے خلاف ہمارے اسلاف نے بغاوت کر کے آزادی کا علم اٹھایا ، لیکن مکمل آزادی کی منزل ابھی تشنہ ہے ۔اسلاف کی اچھی روایات نسل نو کو منتقل ہونی چاہئیں ، مرحومین مولانا عبدالکریم ، سردار حبیب ، سردار لطیف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے قائدین اور محسنوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حاضر ہوا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا عبدالکریم ، سردار حبیب خان ، سردار لطیف کے تعزیتی ریفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرتقریب کے صدربریگیڈیئر سردار محمد عارف ،سابق صدر ریاست سردار انور خان ، سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان ، سردار تنویر ، بیگم شمشاد عزیز ، مولانا عبدالخالق ، آصف حبیب ، خدیجہ زرین ، شفیق الرحمن سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ تینوں شخصیات سے ذاتی تعلق رہا ، سردار حبیب قومی ہیرو تھے ، طالب علمی کے زمانے میں فعال کردار ادا کیا ۔ تحریک آزادی کے ہر محاذ پر اپنے صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، ہمارے اوپر ان قومی ہیروز کا قرض واجب ہے ، کہ ہم نسل نو تک اس ورثے کو منتقل کرنے کا اہتمام کریں ۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے جو بھی پروگرامات منعقد ہوتے تھے سردار حبیب اس میں ضرور شریک ہوتے ، کرنل خان محمد کا کردار تعلیم اور خدمت خلق کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں اور ان کی جلائی ہوئی شمع آج بھی مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کی صورت میں روشن ہے۔ میرے قائد سردار اعجاز افضل اس مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سدھن ایجوکیشن سوسائٹی کا تعلیم کے میدان میں خدمات قابل تحسین ہیں ، انہوں نے کہا کہ غازی ملت جیسی شخصیت ہمیں نہ ملتی تو ڈوگرہ راج کا آج بھی تسلط قائم ہوتا ۔پوری ریاست پونچھ نے تحریک آزادی کشمیر میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ۔ ملی خان سبز علی خان ، کرنل خان ، کیپٹن حسین قومی ہیروز ہیں ۔ لیکن انہوں نے جن مقاصد کے لیے جدوجہد کی وہ ابھی تشنہ ہیں اور تحریک منطقی انجام تک نہیں پہنچی اس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم مل کر اس تحریک کو کامیابی سے ہم کنار کریں تا کہ ہمارے اسلاف کی روحوں کو تسکین پہنچے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلاف کے اس مشن کو لے کر چل رہی ہے ، آزاد خطے کے اندر نظام کی اصلاح اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے جماعت اسلامی کا کردار نمایاں ہے ، تعلیم کے شعبے میں بھرپور خدمات سر انجام دیں، 385سکول قائم کیے ، ایک لاکھ بچے ان میں زیر تعلیم ہیں ، چودہ ہزار سے زائد یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کا مفت اہتمام کر رہے ہیں ، ہماری کوشش ہے کہ آزاد خطے میں نظام کی اصلاح ہو اور اس خطے کا وہ کردار بحال ہو جو 1947ء میں متعین کیاگیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار محمد انور خان نے کہا کہ سدھن ایجوکیشن کانفرنس کی خدمات بے مثال ہیں ، سردار حبیب بڑی شخصیت تھے ، وہ صادق و امین تھے ۔ اس موقع پر سردار اعجاز افضل خان نے کہا کہ مرحومین کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ، زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر کرتی ہیں ، اپنے لیے نشان منزل سمجھتی ہیں ، اپنے مجرموں کو کیفر دار تک پہنچانے میں بھی کردار ادا کرتی ہیں ، نسل نو کو اپنے ہیروز سے متعلق معلومات فراہم کریں اپنی خدمات کو جاری رکھیں ہماری نسل اپنے اباؤ اجداد کے کردار سے واقف نہیں ہے منگ کا نام فخر سے لیتے تھے، رب کے نظام کے لیے زندہ کھالیں کھنچوائیں ، آج ہماری نسل میں کچھ ایسے لوگ بھی پیدا ہوئے ہیں جو غازیوں اور شہداء کے گھرون میں درست تعلیم و تربیت نہ ہونے کی وجہ سے اﷲ اور رسول کے خلاف فیس بک پر گستاخانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں ، یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے ، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے گھروں کا ماحول اسلامی روایات کے مطابق ڈھالیں ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر