{AF}
نکیال سیکٹر پر فائرنگ افواج کی بچوں پر فائرنگ بزدلانہ کاررائی ہے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
سدھنوتی ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر امیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نکیال سیکٹر پر فائرنگ افواج کی بچوں پر فائرنگ بزدلانہ کاررائی ہے ، ہندوستان نے 16دسمبر کو پاکستان کو دو لخت کیا اور اسی دن پھر نکیال سیکٹر پر بچوں کی وین پر فائرنگ کر کے اپنے عزائم ظاہر کر دیے ، ہندوستانی افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر رہی ہیں اور عالمی برادری کی خاموشی بھارتی افواج کو مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سدھنوتی میں جامع مسجد الحطیم میں جمعہ کے اجتماع اور دریں اثناء اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اراکین جنرل کونسل سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر سردار ارشد ندیم خان نے بھی خطاب کیا اس موقع پر اراکین جنرل کونسل نے قیصر نعیم کو امیر ضلع منتخب کیا ۔اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ، ہمارے آباؤ اجداد نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے یہ خطہ آزاد کروایا تھا تا کہ یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم ہو ۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر آج بھی کشمیری اسی اسلامی نظام کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ۔پاکستان کا قیام بھی اسلام کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا ، اسلام ہی بے وفائی کے نتیجے میں پاکستان دو لخت ہوا اور کشمیر کی آزادی کی منزل طویل ہوئی ، جماعت اسلامی اول روز سے جدوجہد کر رہی ہے کہ آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ماڈل ریاست بنایا جائے تا کہ یہاں کے لوگوں کے مسائل بھی حل ہوں اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھی کردار ادا کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قیصر نعیم کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں مواقعوں سے استفادہ کیا جائے ، پولنگ اسٹیشن کی سطح تک اپنی تنظیم قائم کر کے مضبوط کیا جائے ، اچھی شہرت کے حامل افراد کو جماعت میں شامل کیا جائے ، ایک ایک فرد ایک ایک گھر تک دین کی دعوت پہنچائی جائے اور لوگوں کو دین کی طرف راغب کیا جائے ۔ قرآن و سنت کی تعلیمات ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ، اسوۂ رسول ؐ اختیار کرنے سے ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ دشمن ہندوستان نے سیز فائر لائن پر جنگ مسلط کی ہوئی ہے ، مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم کی انتہا ہو رہی ہے ، قابض افواج نے کالے قوانین کے ذریعے ہزاروں کشمیریوں کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے ، نام نہاد سیفٹی ایکٹ اور دوسرے نام نہاد ایکٹ لگا کر کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے ، انسانی حقوق کی کسی تنظیم کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں ہے ، ہندوستانی افواج بد ترین ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے ، فصلوں کو آگ لگارہی ہے ، لوگوں کے کاروبار تباہ کر رہی ہے ، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، پیلٹ گنوں کے ذریعے نوجوانوں کو بینائی سے محروم کیاجا رہا ہے ، ان حالات میں آزا دکشمیر ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم متحد و متفق ہو کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں ، بیس کیمپ اپنا کردار ادا کرے ، حکومت پاکستان عالمی سطح پر سفارتی مہم منظم کرے ، کشمیری دنیا میں جہاں بھی ہیں وہ اپنا کردار ادا کریں تا کہ یہ ساری کاوشیں اور کوششیں کشمیر کی آزادی کی منزل کو قریب کر سکیں تا کہ کشمیر آزاد ہو ۔