نبی کریم صلی اﷲ علیہ و سلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ ان کے مشن کو اختیار کیا جائے ، عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabiنبی کریم صلی اﷲ علیہ و سلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ ان کے مشن کو اختیار کیا جائے ،  عبدالرشید ترابی{/AF}

باغ ( پ ر)جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اﷲ علیہ و سلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ ان کے مشن کو اختیار کیا جائے ، جسے امت آج فراموش کر چکی ہے ، اﷲ کے رسول ؐ نے قیامت تک آنے والی انسانیت کے لیے جو نظام لایا ہے اس کے نفاذ اور بالا دستی ہی میں دنیا کے سارے مسائل کا حل موجود ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود، چیئرمین سیاسی امور ڈاکٹر محمد مشتاق خان ، امیر ضلع نثار شائق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ محض ایک دن کا جشن منا کر حضور ؐ سے اپنی عقیدت کا اہتمام کیا جاتا ہے ، انسانوں کے بنائے ہوئے سارے نظام ناکام ہو چکے ہیں کمیونزم ، سرمایہ داری نظام ، انسان کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں ، بلکتی انسانیت ، عدل و انصاف پر مبنی نئے نظام کی متلاشی ہے جو اسلام کے علاوہ کسی کے پاس نہیں ہے ، مغربی استعمار اور اس کے اہل دانش کو اس بات کاباخوبی ادراک ہو چکا ہے کہ ان کی تہذیب اور نظام کے پاس انسانوں کے مادی اور روحانی مسائل کا کوئی حل موجود نہیں ہے ، وہ سمجھ چکے ہیں کہ آج انسانیت کے مسائل کا حل صرف اسلام کے پاس ہے ، امت مسلمہ کی شاندار اور قابل فخر تاریخ ہے اور مسلمان ایک بڑی طاقت کا درجہ رکھتے ہیں ، اس لیے آج اہل مغرب اسلامی تحریکوں کو ہدف بنائے ہوئے ہیں ۔ چونکہ وہ اپنے نظام کے خلاف اسلامی تحریکوں کو خطرہ سمجھتے ہیں اسی کے نتیجے میں کشمیر ، فلسطین ، مصر ، بنگلہ دیش، یمن ، عراق ، شام ، افغانستان ، برما سمیت دیگر ممالک میں اسلامی تحریکوں کو تختہ مشق بنایا گیا ہے۔ پاکستان بھی عالمی استعمار کی نظروں میں کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے اس لیے کہ یہ بھی نظریاتی ریاست ہے ، اسلام اور خلافت کے احیاء کے لیے قائم کی گئی ہے ، اسلام اور پاکستان دشمن لابیز اس کے وجود کے درپے ہیں ۔ اسے کمزور کرنے کے لیے فرقوں اور قومیت کی بنیاد پر اس کو تقسیم کرنے کے لیے اغیار کی حکمت عملی جاری ہے، ان سارے استعماری عزائم اور ہتھکنڈوں کے تدارک کا ایک ہی راستہ ہے کہ امت مسلمہ نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے متفق اور متحد ہو جائے ، اسلامی تحریکیں جو نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے میدان عمل میں موجود ہیں ان کے دست و بازو بنیں ۔ کشمیر ، فلسطین سمیت جن ممالک میں تحریکیں آزمائش کا شکار ہیں ان کی استقامت اور کامیابی کے لیے ہم سب دعا گو ہیں ۔ عالمی سطح پر جاری سازشوں سے فتح مند ہونے کا لائحہ عمل بھی یہی ہے کہ پاکستان کو ایک حقیقی فلاحی اور اسلامی ریاست بنایا جائے دستور پاکستان میں اس کی بنیاد موجود ہے۔ اس تسلسل کو آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان جو ریاست کے آزاد حصے ہیں جن کے چپے چپے پر شہداء کا خون نچھاور ہوا ہے وہ بھی ابھی تک اس حقیقی نظام کے نفاذ کے لیے منتظر ہیں ، جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان اپنے قیام سے آج تک اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ تعلیم و تربیت و تزکیے کے ذریعے معاشرے کو بڑی تبدیلی کے لیے تیار کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی اس کی برادر تنظیمیں اور اس کے ادارے نامساعد حالات کے باوجود یہ قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں ۔تحریک آزادی کشمیر میں جماعت کا تاریخی کردار ہے ، جماعت اسلامی اپنے مشن کو جاری و ساری رکھے گی، جماعت اسلامی نے ان اہداف کی تکمیل کے لیے سیاسی حکمت عملی تشکیل دی تا کہ یہاں ظلم ، نا انصافی ، میرٹ کی پامالی اورکرپشن کا کلچر ختم ہو ۔ میرٹ اور عدل و انصاف کی بالا دستی قائم کرتے ہوئے اسلام کے عادلانہ اور فلاحی نظام کے قیام کے لیے راہ ہموار کی جائے ۔ آزاد جموں و کشمیر کو مقبوضہ کشمیر کے لیے رول ماڈل بنائے، اسمبلی اور حکومت اور اس کے سارے ادارے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کا حق اداکریں ، جماعت اسلامی اس کوشش میں ہے کہ نظام میں خرابیاں دور ہوں ، این ٹی ایس کے ذریعے اور موثر غیر جانب دار پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پڑھے لکھے اور حق دار نوجوانوں کو حق ملے ۔پسماندہ علاقوں میں مساویانہ تعمیر و ترقی ہو ، اس کے لیے ہم بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں ان چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کے لیے جماعت اسلامی کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ، اپنے گھر محلے ، میں دعوت عام کریں ، قرآن و سنت کی تعلیمات سے لوگوں کو روشناس کروائیں ، خدمت خلق کریں اور عوام کے مسائل کے ترجمان بنیں ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر