پاکستان کے فیصلہ کن کردار ہی سے مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے ،عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabi پاکستان کے فیصلہ کن کردار ہی سے مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے ،عبدالرشید ترابی {/AF}

کراچی( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان کے فیصلہ کن کردار ہی سے مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے ، اسلامی جمہوری اور مستحکم پاکستان ہی آزادی کشمیر کی ضمانت ہو سکتا ہے ، نریندر مودی نے پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں کا پانی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے ، جو پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ساز گار فضا پیدا کر دی ہے ، حکومت پاکستان اس سے استفادہ کرتے ہوئے ہندوستان کو بے نقاب کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام سندھ ورکرز کنونشن سے خطاب اور دریں اثناء کراچی میں میٹ دی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کی رٹ ترک کر کے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے ، جتنا تاخیری حربے استعمال کرے گا ہندوستان کے حصے بخرے ہوں گے ۔نریندر مودی کے برہمانہ رویے کی وجہ سے ہندوستان کے اندر اقلیتی مذاہب کے لوگ مشکلات کا شکار ہیں اور آزادی کی تحریکیں ابھر رہی ہیں ۔ حکومت پاکستان اقوام متحدہ کے کشمیر پر دیے ہوئے روڈ میپ پر عمل درآمد کروانے کے لیے بھرپور سفارتی مہم چلائے کشمیریوں کوعالمی سطح پر اپنا مقدمہ لڑنے کا اختیار بھی وقت کی ضرورت ہے ۔ قائد اعظم کے تصور کے مطابق بیس کیمپ کے کردار کو بحال کیا جائے ، آزاد کشمیر کی حکومت کو با اختیار اور باوسائل بنایا جائے۔اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے تناسب کے مطابق وسائل فراہم کرے تاکہ ان خطوں کا احساس محرومی ختم ہو۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی اول روز سے بیس کیمپ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی کے لیے آگے بڑھ رہی ہے ، تحریک آزادی کشمیر کو منزل تک پہنچانے کے لیے ملکی اور عالمی سطح پر اپنے اہداف کے مطابق پیش قدمی کر رہی ہے ۔ مہاجرین کی دیکھ بھال ہو یا اس مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا جماعت اسلامی آزاد کشمیر بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بانی جماعت اسلامی اور جماعت اسلامی کی قیادت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنے ویژن کے مطابق مسئلہ کشمیر کی تمام نزاکتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جماعت اسلامی پاکستان کی شاخیں قائم نہیں کیں بلکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا الگ سے ایک ہی نظم قائم کیاجو قیادت کا دور اندیشانہ فیصلہ تھا۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے تعلیم ، صحت اور خدمت کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں ، آزاد کشمیر میں چار سو سے زائد تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں جن میں ایک لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں اور ہزاروں اساتذہ کرام ان اداروں سے وابستہ ہیں۔ سترہ ہزار سے زائد بچوں کی کفالت جماعت اسلامی اور اس کے ادارے کر رہے ہیں ۔ مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی اول روز سے میدان عمل میں سرگرم ہے۔انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کے سیاسی اور آئینی رول کے حصول کے لیے جماعت اسلامی نے ایکٹ74ء میں ترامیم کے لیے بھی بنیادی کردار ادا کیا اور کوشش کر رہی ہے کہ اس میں ترامیم ہو جائیں تا کہ اصل کردار بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 1947ء کی انقلابی حکومت جس کے صدر غازی ملت سردار ابراہیم تھے اور انہوں نے ساری دنیا میں جا کرکشمیریوں کی ترجمانی کی، اس کردار کو بحال کیاجائے ، کشمیر کونسل جو متوازی حکومت کی حیثیت اختیار کر چکی ہے اس کو ختم کر کے آزاد کشمیر کی حکومت کو با اختیا راور باوسائل بنایاجائے ۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر