{AF}
بھارت سول آبادی کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا ، رفعت عزیز{/AF}
کوٹلی ، سدھار( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر حلقہ خواتین کی رہنما اور ممبر قانون ساز اسمبلی رفعت عزیز نے کہا ہے کہ بھارت سول آبادی کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا ، کشمیر کی آزادی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ، بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر مسلسل گولہ باری کر رہا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والی زینت بی بی کے گھر جا کر لواحقین سے اظہار تعزیت اور متاثرین گولہ باری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جماعت اسلامی کی ممبر اسمبلی رفعت عزیز نے سیز فائر لائن کے قریب کے علاقوں میں جا کر متاثرین کی حوصلہ افزائی کی ، شہداء کے گھروں میں جا کر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے رفعت عزیز نے کہا کہ جماعت اسلامی اور آزاد کشمیر حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، انہوں نے کہا کہ سیز فائر لائن کے ملحقہ علاقوں میں ڈسپنریاں اور فوری طبی امداد کے مراکز قائم کیے جائیں ، سدھارا میں قائم ڈسپنسری کوئی عملہ موجود نہیں ہے یہاں ڈاکٹر اور ڈسپنسر کو فوری طو رپر تعینات کیا جانا چاہیے تا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم فوری طور پر ان علاقوں میں زیر تعلیم بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرے چونکہ سالانہ امتحان بھی بہت قریب ہیں اور قرب و جوار کے سکول بند ہیں بچوں کا تعلیمی حرج ہونے کا خطرہ موجود ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے محکمہ تعلیم فوری طور پر بندوبست کرے جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی ، ہمارے رضا کار ان کاموں کے لیے حاضر ہیں اور ہم خود بھی پہنچ آئے ہیں اور آتے رہیں گے۔ ممبر اسمبلی نے کہا کہ سیز فائر لائن کے قریب کے علاقوں میں سڑکوں کی بری حالت ہے ، ان کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ بروقت زخمیوں کو ہسپتالوں تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا دورہ سیز فائر لائن خوش آئند ہے اور ان کے اقدامات بھی قابل تحسین ہیں ، متاثرین کے لیے بنکرز فوری تعمیر کیے جائیں تا کہ سول آبادی کو محفوظ بنایا جائے۔