{AF}
کشمیر میں ستر سال سے ہمارے بھائی آٹھ لاکھ فوج کی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں ، عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت میں سرخروئی مل سکتی ہے ، اور رب کی رضا حاصل ہو سکتی ہے ، آج دنیا میں مسائل دین سے دوری کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں ، کشمیر میں ستر سال سے ہمارے بھائی آٹھ لاکھ فوج کی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں ، وہ شدید آزمائش میں ہیں ان کی مدد کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے ، کشمیر میں نہتے کشمیری آزادی کے لیے جہاد کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے العمر مسجد میں جمعہ کے اجتماع اور ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیریوں کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں ، یہ اﷲ کی نصرت ہے کہ اتنے مسائل اور مشکلات کے باوجود تحریک آزادی کشمیر نہ صرف زندہ ہے ، بلکہ پوری قوت کے ساتھ منزل کی طرف بڑھ رہی ہے، انہو ں نے کہا کہ آزاد خطہ تحریک کا بیس کیمپ ہے ، اور ہمیں اپنا کردار اداکرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب رجب اردگان کا شکریہ اداکرتے ہیں کہ انہوں نے کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے ، ترکی او آئی سی کا اسوقت سربراہ ہے ، وہ سربراہ ہونے کی حیثیت سے او آئی سی کا سربراہی اجلاس طلب کر کے مسئلہ کشمیر پرٹھوس پالیسی اپناتے ہوئے کشمیریوں کی مدد کے ساتھ ساتھ آزادی کی تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے لائحہ عمل اور روڈ میپ بھی دے ۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کی ناراضی کے باعث ہم مشکلات کااور مصائب کا شکار ہیں ، پوری قوم مل کر اﷲکی طرف رجوع کرے اجتماعی اور انفرادی طور پر توبہ کا اہتمام کرے تا کہ اﷲ تعالیٰ راضی ہوں اور ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور طور پر اجاگر کیا ہے عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کی سعی اور کوشش کی ہے ، تا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و نا انصافی کے نظام کو ختم کر کے اﷲ کے دئیے ہوئے نظام عدل کو قائم کرنا ہوگا پھر اﷲ کی نصرت آئے گی ۔