{AF}
بیس کیمپ کی تاسیسی حکومت کے کردار کی بحالی کشمیر کی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ، عبدالرشید ترابی{/AF}
برمنگھم ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی کنوینئر کل جماعتی رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کی تاسیسی حکومت کے کردار کی بحالی کشمیر کی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ، نریندر مودی عالمی سطح کا تسلیم شدہ دہشتگرد ہے ،جو مقبوضہ کشمیر کے اندر خون کی ہولی کھیل رہا ہے ، 27اکتوبر کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے اور 10ڈاؤننگ سٹریٹ پر مظاہرے بھارتی مظالم بے نقاب کریں گے ، نریندر مودی کے مظالم دنیا کے ہر کونے میں بے نقاب کریں گے۔ برطانیہ کی نوجوان نسل کشمیر کی آزادی کا حصہ بنے تا کہ یہاں کشمیر کی سرگرمیوں کو تقویت ملے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم ٹرسٹ یو کے ، مرسی انٹرنیشنل کی تقریبات سے خطاب اور اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین سے ملاقات کے دوران کیا ۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق بیس کیمپ کی تاسیسی حکومت کے کردار کی بحالی از بس ضروری ہے تا کہ اس کردار کو فعال بنا کر تحریک آزادی کشمیر کو منزل تک پہنچایا جائے ، تحریک آزادی کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی غیر روایتی حکمت عملی بھی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو کشمیر کی آزادی کو یقینی بنائے ، کشمیری دنیا بھر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں ممبران پارلیمنٹ انسانی حقوق کی تنظیموں کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کریں ، ان کو کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کریں تا کہ وہ اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کا عینی شاہد ہے ، وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرے ۔ کشمیریوں نے آزادی کے لیے پانچ لاکھ نفوس قربان کر دیے ہیں ، وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ، نریندر مودی اور اس کی آٹھ لاکھ قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر کوایک کھلی جیل میں تبدیل کر کے انسانیت کا قتل عام کیا جا رہا ہے ، اس قتل عام پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں ، اقوام متحدہ ، یورپی یونین کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ، انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے عالمی برادری کی ضمانت پر ہتھیار ڈالے تھے ، لیکن عالمی برداری نے ان کو حق خود ارادیت فراہم کروانے میں اپنا کردار ادا نہیں کیا ، جس سے پانچ لاکھ کشمیری قربان ہوئے ان کشمیریوں کا خون عالمی اداروں کے سر بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین برطانیہ سمیت اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت فراہم کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ، اقوام متحدہ استصواب کے لیے کسی فرد کا تقرر فوری طور پر کرے ، کشمیری روزانہ ہندوستان کے خلاف ریفرنڈم کر رہے ہیں ، عالمی برادری کو اس ریفرنڈم پر توجہ دینی چاہیے اور اس کو قبول کرتے ہوئے بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہیے کہ وہ اپنی قابض افواج کشمیر سے نکالے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان پیلٹ گن جیسے ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے اس پر عالمی برداری کی خاموشی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا نوٹس نہ لینا مجرمانہ غفلت ہے اور بھارت کو مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہا ہے ۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ 27اکتوبر کو مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں تمام سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر کشمیر کی آزادی کے لیے یک جان اور یک زبان ہو جائیں ۔ بھارت جیسے مکار دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں باہم متحد اور متفق ہونا ہوگا۔