کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے محض تقرریں اورسفارتی وفود نہیں بلکہ جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے،عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabi کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے محض تقرریں اورسفارتی وفود نہیں بلکہ جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے،عبدالرشید ترابی{/AF}

لندن( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے محض تقرریں اورسفارتی وفود نہیں بلکہ جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے،عالمی برادری اپنی آنکھوں سے پٹی کھولے،مقبو ضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی انتہا ہوچکی ہے ریاستی دہشت گردی ،عزت و آبرو پامال ہو رہی ہے مگر اس ظلم و ستم کے باوجود کشمیری مایوس نہیں ہندوستان کی یہ بھول ہے کہ وہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو غلام رکھ سکے،6سال کے بچے سے لے کر 86سال کے بوڑھے آزادی کے لیے پر عزم ہیں ان کی جدوجہد کا پیغام آزادی کی منزل کا حصول ہے ،دنیا بھر میں رائے عامہ کو ہموار کرنا اور نوجوانوں کو متحرک کر کے تحریک آزادی کشمیر کی پشت پر لا کھڑا کرنا اہل پاکستان اور کشمیریوں کی ذمہ داری ہے تاریخ شاہد ہے کہ طاقت اور تشدد اور حق کے درمیان جب بھی معرکہ ہوا ہے تو حق کی فتح ہوئی ہے حق کو منوانا ہماری ذمہ داری ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرمین قائد اعظم ٹرسٹ راجہ اشتیاق کی جانب سے کشمیر کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کانفرنس سے پارلیمانی وفد سینیٹر جنرل عبدالقیوم،ممبران پارلیمنٹ میجر طاہر اقبال سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو ہمیں اپنا رول ماڈ ل سمجھنا چاہیے جنہوں نے وطنی قومیت کے مغربی تصور کا سحر توڑا نظریاتی اسلامی قومیت کا تصور پیش کیا اور اسے منوایا،برطانیہ اور ہندو اکثریتی کانگر س نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا مگر قائد اعظم اپنے برحق موقف پر ڈٹے رہے ،انہوں نے کہاکہ جو تصور ڈاکٹر علامہ محمد اقبا ل اور قائد اعظم کا تھا اس میں ریاست جموں وکشمیر اس کا حصہ تھا مگر اس وقت کی برطانیہ کی حکومت اور کانگرس کی حکومت نے شیخ عبداﷲ کو آلہ کار بنایا تو قائد اعظم نے جن کے پاس بہت مختصر فوج تھی کو حکم دیا کہ کشمیری مجاہدین کی مدد کریں انہوں نے بیس کیمپ کا تصور دیا کہ آزاد خطہ جو حاصل کیا ہے اسے آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے اور بقیہ کشمیر کے حصول کے لیے بیس کیمپ کا کردار ہو ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو ترجیح اول بنائے محض تقرریں اور سفارتی وفود کافی نہیں ہیں بلکہ آگے بڑھ کر جامع حکمت عملی بنائی جائے ،انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ ایک ایک ممبر پارلیمنٹ تک پہنچیں اور انہیں کہیں کہ وہ اپنی آنکھوں پر باندھی پٹیاں کھولیں اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو دیکھیں،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جس طرح کونسلرز نے قراردادیں پاس کروائیں ہیں اسی طرح برطانیہ کی پارلیمنٹ میں قرارداد پاس کروائیں اور فلسطینیوں جنہوں نے انگریزوں کو اپنے ساتھ شامل کر کے مظاہرے کیے اس کااہتمام کیا جائے انہوں نے کہا کہ الیکڑانک اور پرنٹ میڈیا تک اپنی آواز پہنچائیں نوجوانوں کو اپنی تحریک کا حصہ بنائیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں ،دریں اثناء عبدالرشید ترابی نے تحریک کشمیر برطانیہ کے راہنما خواجہ سلمان کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کی جس میں بڑی تعداد میں مردوخواتین نے شرکت کی کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیریوں کی مکمل ناکہ بندی کی جاچکی ہے ان کی فصلیں اور کاروبار تباہ ہو چکے ہیں کشمیریوں کے لیے وسائل فراہم کریں اور انسانی حقو ق کے بین الاقوامی اداروں کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کو ریلیف پہنچائیں اور کشمیریوں کو اپنی دعاوں میں یاد رکھیں۔

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر