{AF}
حکومت اور پارلیمنٹ کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے ، سراج الحق {/AF}
حکومت اور پارلیمنٹ کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے ، سراج الحق مسئلہ کشمیر تقسیم بر صغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے ، راجہ فاروق حیدر نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں شکست تسلیم کر لی ،عبدالرشید ترابی اسلام آباد ( پ ر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا ، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سابق ایم این اے میاں اسلم ، جماعت اسلامی پاکستان کے پارلیمانی لیڈر طارق اﷲ ایم این اے شیر اکبر ، حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی ، آصف لقمان قاضی سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ عشائیہ کے اختتام پر سینیٹر سراج الحق اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے عبدالرشید ترابی اور دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور پارلیمنٹ مشترکہ طور پر کشمیر کی آزادی کاروڈ میپ دے ۔ میں بیس کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ آزادی کی منزل کے حصول تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم اور جبر کی انتہا کر دی ہے، کشمیریوں کی فصلوں کو تباہ کیا جا رہا ہے ، ان کے کھیت اور کھلیانوں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ۔88دن سے مسلسل کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے مارکیٹوں کے اندر کھانے پینے کی اشیاء ختم ہو چکی ہیں ، مائیں اپنے بچوں کو دودھ نہیں پلا سکتیں ، ادویات کی شدید قلت ہے ، اس وقت مقبوضہ کشمیر کے اندر شدید بحران ہے، جس کا فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے 68سالو ں میں پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ۔ لاکھوں کشمیریوں کو گرفتار کر کے ٹارچر کیا ، 23ہزار سے زائد عفت مآب خواتین کی بے حرمتی کی ، بچوں کو شہید کیا ، سکولوں کو آگ لگائی ، ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری آزادی اور پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں کشمیر کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق کرتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مسلم لیگ سے سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے اور ہے لیکن کشمیر کی آزادی کے لیے ہم حکومت کے ساتھ ہیں ۔ حکومت مشاورت سے کشمیر پالیسی بنائے جس کو آئینی تحفظ حاصل ہو تا کہ وہ ریاستی پالیسی آئین کے اندر مرتب ہو سکے جس کو کوئی تبدیل نہ کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے راجہ فاروق حیدر سے توقع ہے کہ وہ آزادخطے کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنائیں گے ، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے لیے بجٹ میں اضافہ کرے تا کہ یہ ریاست ماڈل ریاست بن سکے ۔ حکومت پاکستان ضلع راولپنڈی میں نالہ لئی پر لگانے والے بجٹ سے بھی کم بجٹ آزاد کشمیر کو دیتی ہے ، اس سے کیا تعمیر و ترقی ہوگی ۔ میں پاکستان میں کشمیریوں کا سفیراور ترجمان بن کر اپنا کردار ادا کرو ں گا ۔ میرے گاؤں اور میرے ضلع سے 1947ء میں ہزاروں قبائلیوں نے کشمیریوں کے ساتھ مل کر جہاد کیا میں اپنے ان بزرگوں کا مقروض ہوں اور کشمیر کی آزادی تک میرے خون کا آخری قطرہ اور آخری سانس کشمیر کے لیے ہے۔ اس موقع پر راجہ فاروق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم بر صغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جس پر پاکستان اور پاکستانی قوم کو ایک ہو کر مسلسل جدوجہد کرنی چاہیے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے بانی سید ابو الاعلیٰ مودودی ، میاں طفیل محمد ، قاضی حسین احمد اور سراج الحق نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ ترجیح اول رکھا ۔ سراج الحق پاکستان میں ہمارے سفیر ہیں ، انہوں نے مظفر آباد اور چکوٹھی تک مارچ کیا جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ۔ سراج الحق پاکستان میں بھی کشمیر کی آواز ہیں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی ہماری حلیف جماعت ہے ، میں عبدالرشید ترابی اور ان کی جماعت کا قدر دان ہوں اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام اور قیادت کو مسئلہ کشمیر کے پس منظر کے حوالے سے آگاہی مہم کی ضرورت ہے تا کہ نسل نو معلوم ہو سکے کہ مسئلہ کشمیر دراصل مسئلہ ہے کیا۔ اور اس حوالے سے قائدین کو بھی بریفنگ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کشمیری قیادت کو ختم کرنا چاہتا ہے ، یاسین ملک ، سید علی گیلانی سمیت دیگر قائدین کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اس حوالے سے قومی اسمبلی کے مشترکہ سیشن میں اس بات کو شامل کیا جائے۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریندر مودی تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے ، کشمیریوں نے آزادی سے کم کوئی حل قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، آزادی نوشتہ دیوار ہے ۔