{AF}
ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کو اب دنیا کے ہر فورم پر ایک مجرم کی حیثیت سے کٹہرے میں کھڑاکیاجائے، عبدالرشید ترابی{/AF}
اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرکے امیر وممبر قانون سازا سمبلی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جامع خطاب کیا جس میں انھوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کومسئلہ کشمیرکے حل کی جانب متوجہ کیا،طویل عرصے کے بعد جنر ل اسمبلی کے اجلاس میں اس طرح کا جامع خطاب میاں نواز شریف نے کیاجس پر ہم ان کو مبارک بادپیش کرتے ہیں،ان خیالات کااظہار انھوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کو اب دنیا کے ہر فورم پر ایک مجرم کی حیثیت سے کٹہرے میں کھڑاکیاجائے،بھارت اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر حملہ کرسکتاہے،بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی پیدا کرنے کے لیے داخلی مسائل سے نکلاجائے اور پاکستان کی سلامتی اور کشمیرکی آزادی کے لیے یک جان اور یک زبان ہونے کی ضرورت ہے،بھارتی افواج نہتے کشمیریوں سے مقابلہ نہیں کرسکتی تو وہ پاکستان کی بہادر افواج اورپاکستان کی جرات مند عوام کا کیا مقابلہ کرے گی،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کی وطن واپسی پر اسلام آبادمیں مسئلہ کشمیرپر قومی کانفرنس بلائی جائے جس کی میزبانی میاں نوازشریف کریں اس قومی کانفرنس میں پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے علاوہ آزاد کشمیرگلگت بلتستان اور حریت قیادت کو بھی دعوت دی جائے ،تاکہ کشمیرکی آزادی کے لیے جامع پالیسی اور غیر روایتی حکمت عملی تشکیل دی جائے جو وقت اور حالات کاتقاضاہے،ایسی غیر معمولی حکمت عملی جس کی پشت پر پاکستان کی پوری قوم سب جماعتیں ہوں،اس کو قومی ایجنڈاقرار دے کر بھارت کو بے نقاب کرنے کے لیے نکلاجائے اور اس کے جارحانہ عزائم کو بھی ناکام بنایا جائے۔بھارت اس وقت جنگی تیاریوں میں مصروف ہے کشمیریوں نے نریند مودی کے ایجنڈے کوخاک میں ملادیاہے وہ فرسٹریشن میں کچھ بھی کرسکتا ہے اس لیے پاکستان اور کشمیرکی پوری قوم کو اپنی فوج کی پشت پر کھڑا ہونا ہوگاتاکہ مل کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں اور کشمیرکی آزادی کی منزل کو حاصل کریں۔