{AF}
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کیا جو قابل مذمت ہے ،عبدالرشید ترابی{/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون سازاسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کیا جو قابل مذمت ہے اس سے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اور مظالم ڈھانے کی کھلی چھٹی دینے کے مترادف ہے ،اوڑی واقعے کو بھارت عالمی توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈا کررہا ہے بھارت اس طرح کے کئی واقعات پہلے بھی خود کرا کر عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کرتا رہا ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ نام نہاد عالمی طاقتوں کو ہزاروں بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم نظر نہیں آتا اس طویل ریاستی دہشت گردی پر عالمی سطح پر مذمت نہ کرنا بھارتی دہشت گردی کو مزید حوصلہ افزائی کرنے کے مترادف ہے جب تک دنیا اس دہرے معیار کو ختم نہیں کرے گی اس وقت تک نہ تو جنوبی ایشیا میں امن قائم ہوسکتا ہے اور نہ ہی دنیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی اوربنیادی حق خودارادیت کے لیے لڑ رہے ہیں عالمی امن کے ٹھیکیدار کشمیریوں کی قربانیوں اور ظلم وستم نظر انداز کریں گے تو خطے میں امن قائم ہونا تو درکنا دنیا میں کہیں بھی امن قائم نہیں ہو سکے گا کشمیری ہر حال میں آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے انسانی تاریخ میں جب بھی طاقت، اصول اور حق کا مقابلہ رہا اصول اور حق نے فتح حاصل کی ہے طاقت ہمیشہ مغلوب ہوئی ہے بھارت طاقت کے نشے میں کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے اور پاکستان پر حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے اگر مودی نے کشمیراور پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو کشمیر بھارتی فوجیوں کا قبرستان بنے گا ،انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہزار مرتبہ ہندوستان کے خلاف ریفرنڈم کر چکے ہیں وہ نام نہاد الحاق ہندوستان کومسترد کر چکے ہیں اور پاکستان کے پرچموں کی بہار فیصلہ کرچکی ہے کہ یہاں کے عوام اپنا سیاسی مستقبل پاکستان سے وابستہ کرنا چاہتے ہیں ان حالات میں اقوام متحدہ کو مزید کسی ریفرنڈم کی نہیں بلکہ سلامتی کونسل میں قرار داد پاس کر کے قابض بھارتی افواج کو بے دخل کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے