{AF}
بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لیے ممنوعہ ہتھیار استعمال کر رہا ہے ،شیخ عقیل الرحمن {/AF}
مظفر آباد ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ، اور کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لیے ممنوعہ ہتھیار استعمال کر رہا ہے ، جس کا عالمی برادری نوٹس لے ، حکومت پاکستان اپنی شہ رگ کو بچانے کے لیے ٹھوس اور جامع پالیسی اپنائے تا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو منزل مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر وہ واحد خطہ ہے جہاں پیلٹ گن جیسے ممنوعہ ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں اور اب بھارت نے مرچ گیس گن کا استعمال شروع کر دیا ہے جو ممنوعہ ہے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔قابض فوج کشمیر میں اپنی جنگ ہار چکی ہے ، بھارتی فوجی اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لیے مظلوم کشمیریوں کو تختہ مشق بنا رہے ہیں ، ہندوستان کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا پڑے گا ، بھارتی فوجی کشمیریوں کا قتل عام کر سکتی ہے لیکن ان کو آزادی کے راستے سے روک نہیں سکتی کشمیرکی آزادی نوشتہ دیوار ہے بھارت اس کو پڑھ لے۔