{AF}
عید الاضحی اﷲ کی رضاکے حصول کے لیے ایثارا ور قربانی کادرس دیتی ہے،عبدالرشید ترابی{/AF}
باغ ( پ ر)جماعت اسلامی کے امیر وممبر قانون سازا سمبلی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ عید الاضحی اﷲ کی رضاکے حصول کے لیے ایثارا ور قربانی کادرس دیتی ہے،جب تک ہم اﷲ کی رضا کے لیے اپنی جان مال اور وقت قربان نہیں کریں گے اس وقت تک اﷲ کی رضا حاصل نہیں ہوسکتی ہے،دنیا اور آخرت کی کامیابی کا راستہ اپنا سب کچھ اﷲ کی راہ میں قربان کرنا ہے،نبی آخرالزمان کا اسوہ ہمارے لیے نمونہ ہے،اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے اسلامی معاشرہ تشکیل پاتا ہے ،ان خیالات کااظہار انھوں نے وفودسے گفتگو اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ آج امت جن مسائل کا شکا رہے اس کی بڑی وجہ دین سے دوری ہے،ایثار اور قربانی کے جذبے کا فقدان ہے،اسلامی نظام آج اپنی روح کے ساتھ کسی بھی اسلامی ملک میں نافذ نہیں ہے آج پوری انسانیت ایک متبادل نظام کی تلاش میں ہے اور وہ نظام اسلامی نظام ہے اور وہ مسلمانوں کے پاس ہے،عید الاضحی اور حج کا درس اجتماعیت کا درس ہے پوری دنیا سے مسلمان ایک اﷲ ایک قرآن اور ایک کعبہ کو ماننے والے یک زبان ہوکر اﷲ کی کبیریائی بیان کرتے ہیں ،اﷲ کے اس پیغام کو جو نبی ﷺ کے ذریعے ہم تک پہنچا ہے اس کو پوری دنیا کے انسانوں تک پہنچانا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے،امت مسلمہ کو وہ ذمہ داری دی گئی ہے جو انبیا کی تھی،جماعت اسلامی اسی دعوت کو لے کر نکلی ہے اور ایک ایک کلی اور فرد تک جارہی ہے تاکہ مسلمان اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے حق کے گواہ بن کرکھڑے ہوجائیں جو حق ان تک پہنچا ہے اس کو پوری انسانیت تک پہنچائیں۔یہ کار رسالت کا کا م ہے،جب تک پوری امت پلٹ کر اپنے اصل کام اور ذمہ داری ادا کرنے کی طرف نہیں آئے گی اس وقت تک ہمارے مسائل میں اور اضافہ ہوگاکمی نہیں ہوگی،جب امت اس طرف آئے گی تو ہمارے مسائل حل ہوجائیں گے۔