{AF}
مقبوضہ کشمیر کے اندر آٹھ لاکھ قابض فوج مظالم کی انتہا کر رہی ہے ، پیلٹ گنوں سے نوجوانوں کو مفلوج بنایا جا رہا ہے، عبدالرشید ترابی{/AF}
مظفر آباد ( پ ر ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں بھارت کی ایما پر پاکستان ، نظریہ پاکستان اور پاک فوج کو بچانے کی جدوجہد کرنے والوں کو پھانسیوں پرلٹکا کر کشمیریوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ آزادی کی جدوجہد سے باز آ جائیں ۔ہندوستان اور اس کے وزیر اعظم نے پاکستان کے خلاف جنگ ختم نہیں کی بلکہ بنگلہ دیش اور کشمیر میں ابھی تک یہ جنگ جاری ہے ، آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں مل کر مشترکہ سیز فائر لائن کی طرف مارچ کی کال دیں ، تا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم کا شکار اپنے بھائیوں کو یہ احساس ہو کہ ہماری پشت پر بیس کیمپ کے عوام موجود ہیں ، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر کو ورلڈ سپیکرز آف پارلیمنٹ کے ممبر شپ کے حصول کے لیے کوشش کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر آٹھ لاکھ قابض فوج مظالم کی انتہا کر رہی ہے ، پیلٹ گنوں سے نوجوانوں کو مفلوج بنایا جا رہا ہے ان کو بینائی سے محروم کیا جا رہا ہے ، خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ،کشمیری ہمیں پکار رہے ہیں ، کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کر لیا ہے اب ان کی آزادی کی تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ نے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ بیس کیمپ میں ہم سب مل کر مشترکہ طور پر کشمیرکی آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متحد و متفق ہو کر حکمت عملی اور ٹھوس پالیسی تشکیل دیں تا کہ آزادی کی منزل حاصل ہو سکے ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پارلیمانی وفود بھیجے ہیں جو خوش آئند ہیں ، ان وفود میں پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں سے بھی افراد شامل کیے جائیں اور آزاد کشمیر کی قیادت و قائدین حریت کو بھی شامل کیا جائے تا کہ یہ مسئلہ قومی مسئلے کے طور پر اجاگر ہو ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آزاد خطے میں عدل و انصاف پر مبنی نظام اور اسلامی اصولوں کے مطابق معاشرے کی تشکیل وقت اور حالات کا تقاضا ہے ۔