{AF}
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آج بھی پاکستان کی بقا، سلامتی اور استحکام کے لیے خون پیش کر رہے ہیں ،سینیٹر سراج الحق{/AF}
اسلام آباد( پ ر )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آج بھی پاکستان کی بقا، سلامتی اور استحکام کے لیے خون پیش کر رہے ہیں ، وفاقی حکومت CPECمیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو بھی مستفید کرے ،استور مظفر آباد شاؤنٹر ٹنل کے منصوبے پر کام جلد شروع کیا جائے تا کہ یہاں کے لوگ بھی اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں اور یہ تجارتی گزر گاہ بن سکے ۔ آزاد کشمیر میں بھی CPECکے تین زونز بنائے جائیں ، وفاقی حکومت NFCایوارڈ میں پاکستان کے صوبوں کے مساوی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی حصہ دیا جائے ، بین الاقوامی ماہرین کے سروے کے مطابق آزاد کشمیر سے بائیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے وفاقی حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے بچانے کے لیے یہاں منصوبوں پر کام کرے اور ان کی رائلٹی کشمیری عوام کو دی جائے۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر واخان کی پٹی کے ذریعے تاجکستان کے ساتھ ملایا جائے تو ایک نئی دنیا آباد ہو جائے گی ،وفاقی حکومت معدنیات کے محکمے کو فوری طور پر گلگت منتقل کرے اور لوکل لوگوں کو بھی لیز پر دیا جائے ، اسی طرح گلگت بلتستان سے 41ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے ، حکومت پاکستان لوڈ شیڈنگ کے عذاب کو ختم کرنے کے لیے یہاں بھی کام کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی ، سابق وزیر قانون مشتاق خان ایڈووکیٹ ، امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع ، سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی حبیب الرحمن ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی گلگت بلتستان اسماعیل شریعت یار سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا دورہ کیا ہے آزاد کشمیر میں راجہ فاروق حیدر اور ان کے ممبران اسمبلی بیورو کریسی سے ملاقات ہوئی ، اسی طرح گلگت بلتستان کا دورہ کیا وہاں وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن اور ان کے ممبران سے ملاقاتیں ہوئیں ، تو ان کو میں نے کہاہے کہ میں سینیٹ میں ان کا نمائندہ ہوں ان کے حقوق کی بات کروں گا ، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان علاقوں میں بڑے منصوبوں پر کام کرے تا کہ یہاں کے لوگ بھی خوشحال ہوں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر برہان وانی کی شہادت کے بعد ایک نیا انقلاب برپا ہو چکا ہے مودی سرکار کا خیال تھا کہ گیلانی بابا کے ساتھ ہی آزادی کی تحریک وابستہ ہے یہ مرنے کے قریب ہے اﷲ ان کی عمر دراز کرے یہ مرجائیں تو تحریک ختم ہو جائے گی ، لیکن نوجوان برہان وانی کی شہادت نے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کی مائیں اپنے دودھ میں آزادی پلا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت سکردو روڈ فوری طور پر تعمیر کرے ، کاغان بابو سر ویلی روڈ کو ہر موسم میں استعمال کے قابل بنایا جائے ، تاکہ آمدورفت کا سلسلہ جاری رہ سکے، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کا سروے موجود ہے کہ گلگت بلتستان کے پانیوں سے41ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن پاکستان حکومت کبھی ملائیشیا اور کبھی دوسرے ممالک سے عارضی طور پر توانائی کے بحران کو پورا کرنے کے لیے اخراجات کرتی ہے اور یہاں مستقل منصوبے کیوں نہیں لگاتے تا کہ یہاں کے لوگوں کی غربت بھی ختم ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دور دراز علاقے ہیں غربت کی وجہ سے لوگ ٹیکس ادا نہیں کر سکتے وفاقی حکومت اس علاقے کو ٹیکس فری زون قرار دے اور کوئی ٹیکس نہ لگائے ۔گندم ، سبسڈی بحال رکھی جائے انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ شامل ہیں ، اس کمیٹی نے گلگت بلتستان کے اندر فرقہ وارانہ فسادات کو ختم کر کے ہم آہنگی پیدا کی اور اپنے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا جو اچھا اقدام ہے ۔گلگت بلتستان حکومت عوامی ایکشن کمیٹی کے گرفتار قائدین کو فوری طور پر رہا کرے ، جمہوری حکومت میں جمہوری انداز سے اپنے حقوق مانگنا گناہ نہیں ہے یہ ان کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیامر ڈیم ، بونجی ڈیم سمیت تمام بڑے منصوبوں کی رائیلٹی وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم کرے ، یہ ان کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے دفاع ، استحکام اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں انہوں نے ڈوگروں سے مقدس جہاد کر کے یہ خطہ آزاد کروایا ہے اور وہاں آج بھی پاکستان کے لیے خون دیا جا رہا ہے ، وفاقی حکومت ان پر اعتماد کرے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادو ں پر حل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ممالک پاکستان کے دیگر صوبوں میں ایک سازش کے تحت سورش پیدا کر رہے ہیں اور ان کا ٹارگٹ ہے کہ اس علاقے میں بھی سورش پیدا کی جائے وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس سے پہلے پہلے کہ یہ سورش کا شکار ہوں حکومت ا ن کے مسائل پر توجہ دے تا کہ یہ دشمنوں کے ہاتھ میں نہ لگیں ۔انہوں نے کہا کہ غذر ، شندور چترال روڈ بھی فوری طور پر تعمیر کی جائے تا کہ CPEC سے یہاں کے عوام مستفید ہو سکیں ۔