{AF}
پاکستان میں مقیم لاکھوں مہاجرین کشمیر مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر اپنا کردار اداکریں ،عبدالرشید ترابی {/AF}
اسلام آباد( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم لاکھوں مہاجرین کشمیر مسئلہ کشمیر کے سفیر بن کر اپنا کردار اداکریں ،مہاجرین کے مسائل کاحل ہماری ترجیح اول ہے ،برہان مظفر وانی کی شہادت نے تحریک کو نیا رخ اور نئی ممیز دے دی ہے اس سے پاکستان سمیت عالمی ادارے متحرک ہوئے ہیں برہان مظفر وانی کی قربانی کے پیچھے جماعت اسلامی کار فرماہے جس کو بھارتی فوجیوں نے ہدف بنا کر سری نگر ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر حلقہ مہاجرین مقیم پاکستان کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر حلقہ مہاجرین مقیم پاکستان کے امیر نورالباری،سیکرٹری راجہ فاضل سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پاکستان میں مقیم مہاجرین اور دنیا کے جس کونے میں بھی کشمیری آباد ہیں وہ اپنے حصے کا کردار ادا کریں تا کہ آزادی کی منزل حاصل کی جا سکے ،انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم کی انتہا کر دی ہے اس کے پیش نظر جماعت اسلامی ہوم ورک کر رہی ہے کہ تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد سیز فائر لائن کی طرف قومی مارچ کی کال دی جائے تا کہ یہ مسئلہ دنیا میں فلش پوائنٹ بن سکے انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کا ایجنڈا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال دیا جائے کشمیریوں کے مسلم تشخص کوختم کیا جائے جس کو کشمیریوں نے ناکام بنا دیا ہے انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی سمیت دیگر قائدین کی استقامت کو خراج تحسین پیش کیا جو آزادی کے مورچے میں ڈٹے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر سطح پر مشاورت کر کے مسلم لیگ ن کے ساتھ انتخابی مفاہمت حکمت عملی اپنائی جس پر میاں نواز شریف اور راجہ فاروق حیدر نے اپنی کمٹمنٹ پوری کی اور جماعت اسلامی کو پارلیمانی رول حاصل ہوا اس پارلیمانی رول کو براؤکار لا کر ہم کشمیر کی آزادی اور آزاد کشمیرمیں بیس کیمپ میں اصلاح احوال کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے ،انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے حلقوں میں جماعت اسلامی کو تنظیمی طور پر مضبوط کیا جائے مہاجرین کو جماعت اسلامی سے وابستہ کیا جائے تا کہ وہ مقاصد حاصل ہو سکیں اور آزادی کی منزل مل سکے۔