مساجد دین کی ابلاغ اور امت کو جوڑنے کا سب سے بڑا مرکز ہیں ،عبدالرشید ترابی

{AF}abdul rasheed turabi مساجد دین کی ابلاغ اور امت کو جوڑنے کا سب سے بڑا مرکز ہیں ،عبدالرشید ترابی {/AF}

دھیر کوٹ ( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم بند نہ کیے تو تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہزاروں افراد منحوس اور خونی سیز فائر لائن کو توڑ کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر کی قیادت اور قائدین حریت کو بھی بیرون ممالک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے شامل کریں ، تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل ، آزاد خطے میں عدل و انصاف کی فراہمی ، میرٹ کی بالا دستی اور ظلم کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی اپنے پارلیمانی کردار کو بروئے کار لائے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نتھگراں اور سنگھڑ بٹھارہ ، پدر سیداں میں دیگر مقامات پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سابق ممبر اسمبلی راجہ خالد محمود ، آفتاب عالم ایڈووکیٹ، نثار صابر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔استقبالیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے پدر سیداں میں جامع مسجد کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مساجد دین کی ابلاغ اور امت کو جوڑنے کا سب سے بڑا مرکز ہیں ، جماعت اسلامی دینی ادارے اور مساجد اس لیے تعمیر کر رہی ہے کہ وہ دین کے ابلاغ کے ساتھ ساتھ ایسے علماء اور سکالرز تیار کرے جو جدید دینی علوم سے آگاہ ہوں اور جدید چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لیے دعوت کے وسیع امکانات پیدا ہوئے ہیں ، جماعت اسلامی کے کارکن ان سے استفادہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک دعوت پہنچائیں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں ، بلدیاتی نظام قیادت کی نرسری ہے ، یہاں سے عوامی مسائل بھی آسانی سے حل کیے جا سکتے ہیں ۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جو حکمت عملی ترتیب دی ہے ، وہ خوش آئند ہے لیکن وفود میں آزاد کشمیر کی قیادت اور قائدین حریت کو بھی شامل کرنا اس لیے ضروری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اچھے انداز سے دنیا کے سامنے پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، کشمیریوں کی آواز کشمیریوں کی وساطت سے جائے گی تو اس کے اثرات بھی ہوں گے ، پاکستان کے قائدین اور ممبران پارلیمنٹ ہمارے لیے قابل احترام ہیں انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے ، وہ کشمیریوں کے وکیل ہیں ۔ اگست2016ء

مرکزی دفتر

رابطہ دفتر