{AF}
پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے نریندر مودی کے عزائم خاک میں ملائیں گے ، عبدالرشید ترابی{/AF}
تاؤ بٹ( پ ر )جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حوالے سے نریندر مودی کے عزائم خاک میں ملائیں گے ،نریندر مودی اورآر ایس ایس کے ایجنڈے کو کشمیر میں نافذ کرنے کی سازش کو کشمیریوں نے ایمان افروز جدوجہد سے ناکام بنا دیا ہے، کشمیری مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنائیں گے، نیلم کے عوام کے مسائل جماعت اسلامی نے پہلے بھی ترجیح اول میں رکھے اور اب بھی ان کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے استقبالیہ تقریبات اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع ممتا زحسین پائر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزادی کے لیے جانیں دینے والے نیلم کے شہداء کی بہت بڑی تعداد ہے ، یہاں کے عوام کی استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے عزائم خطرناک ہیں ، وہ خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے اگر خطے میں جنگ ہوئی تو اس کی ذمہ داری نریندر مودی اور عالمی برادری پر ہوگی ۔ نریندر مودی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی یا سیز فائر لائن پر کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہوئی تو یہاں کے عوام پاک فوج کے ساتھ مل کر بھارتی فوج کا قبرستان بنائیں گے۔برہان مظفر وانی کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کو نیا رخ ملا اور اس شہادت نے عالمی سطح پر اندھے ، بہرے اور گونگے اداروں کو بھی بولنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیلم مسائل زدہ علاقہ ہے یہاں کی قدرتی معدنیات کی لوٹ مار کی گئی اور جنگلات تباہ کیے گئے ۔ اب اس علاقے کی تعمیر و ترقی ، بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔ مسلم لیگ کے نو منتخب سپیکر شاہ غلام قادر کے ساتھ مل کر یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عدل و انصاف کی فراہمی ، میرٹ کی بالا دستی اور آزاد خطے کو ایک اسلامی معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ نیلم کی سڑکیں کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہی ہیں ، صحت و تعلیم روبہ زوال ہے ، ان سارے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔